پی ڈی ایم ارکان قومی وصوبائی اسمبلیوں کے استعفے ایٹم بم ہیں، بلاول

ویب ڈیسک  منگل 15 دسمبر 2020
جمہوریت بحال کرنے کیلیے پی ڈی ایم میں کوئی دراڑ نہیں، بلاول بھٹو زرداری

جمہوریت بحال کرنے کیلیے پی ڈی ایم میں کوئی دراڑ نہیں، بلاول بھٹو زرداری

لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ جمہوریت بحال کرنے کیلیے پی ڈی ایم میں کوئی دراڑ نہیں ہے اور ہمارے استعفے ایٹم بم ہیں جس کے استعمال کی حکمت عملی بنائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کے بعد کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سب کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف ہیں، شہباز شریف نے پہلی تقریر میں کہا تھا مل کر کام کریں، حکومت کی ضد اور انا کی وجہ سے شہباز شریف کو جیل میں ڈالا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ چاہا اپنے مخالفین اور ناقدین کو جیل میں رکھیں، عمران خان جمہوری مخالفین پر الزام تو لگاتے ہیں لیکن کسی عدالت سے سزا نہیں ہوسکی، آصف زرداری نے 11 سال جیل کاٹی لیکن باعزت بری ہوئے، یہ حکومت اتنی گری کہ لاش پر بھی سیاست کی، عمران خان نے کرپشن کرنے والے ہر مافیا کو تحفظ ایمنسٹی دیا ہے، حکمرانوں کیلیے 31 جنوری تک کی ڈیڈلائن ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جمہوریت بحال کرنے کیلیے پی ڈی ایم میں کوئی دراڑ نہیں ہے، ملک کو بحران سے نکالنا ہے،عمران خان وزیراعظم کی ناجائز کرسی چھوڑ دیں، جب سے عمران خان نے وزارت عظمیٰ کی کرسی سنبھالی ہر چیز کو نقصان پہنچایا ہے، حکمرانوں میں اہلیت نہیں کہ نظام چلا سکیں، عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں جب کہ ہمارے استعفے ایٹم بم ہیں، استعمال کی حکمت عملی بنائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔