کورونا کی نئی قسم ؛ سعودی عرب میں تمام بین الاقوامی پروازیں معطل

ویب ڈیسک  پير 21 دسمبر 2020
پابندی عارضی ہے لیکن صورتحال کے پیش نظراس میں توسیع ہوسکتی ہے،، سعودی وزیر داخلہ

پابندی عارضی ہے لیکن صورتحال کے پیش نظراس میں توسیع ہوسکتی ہے،، سعودی وزیر داخلہ

ریاض: کورونا کی ایک نئی قسم دریافت ہونے پر سعودی عرب میں تمام بین الاقوامی پروازیں ایک ہفتے کے لیے معطل کردی گئی ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانیہ سمیت مختلف یورپی ممالک میں کورونا وبا کی نئی شکل سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت پرایک ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کورونا کی نئی قسم دریافت ہونے پر کئی ممالک نے برطانیہ کی پروازیں معطل کردیں 

وزارت داخلہ کے مطابق پابندی عارضی ہے لیکن صورتحال کے پیش نظراس میں توسیع ہوسکتی ہے، وزارت صحت کی ہدایات پریہ فیصلہ نئی قسم کے وائرس سے مقامی شہریوں سمیت غیرملکی لوگوں کومحفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : برطانیہ اور جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت 

وزارت داخلہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو8 دسمبر2020 کے بعد کسی بھی یورپی یا ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہے وہ افراد 14 دن کے لیے خود کو قرنطینہ کرلیں۔

علاوہ ازیں وہ تمام افراد جو گزشتہ 3 ماہ کے اندر کسی بھی یورپی یا ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ کورونا کی نئی قسم سامنے آئی ہے، انہیں چاہئے کہ وہ فوری طور پرکووڈ ٹیسٹ کرائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔