اپوزیشن کی نیب ترامیم مان لیتے تو آج یہ سب آزاد ہوتے شبلی فراز

یہ کرپٹ اور نااہل لوگ ہیں، ملکی مفاد کو داؤ پر لگا کر آج سرا سر جھوٹ بول رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک December 21, 2020
یہ کرپٹ اور نااہل لوگ ہیں، ملکی مفاد کو داؤ پر لگا کر آج سرا سر جھوٹ بول رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی نیب ترامیم مان لیتے تو آج یہ سب آزاد ہوتے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اکثر جلسوں میں یہ بات ہوتی ہے کہ عمران خان کون ہوتا ہے ہمیں این آر او دے، عوام کو بھی پتہ ہونا چاہیے این آر او کا بیک گراونڈ کیا ہے، وزیراعظم کا این آر او نہ دینے کا اعلان اور بار بار اس کے اصرار کے پیچھے مقصد کیا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ فیٹیف بل پر کافی پیچیدہ مسئلہ تھا، اپوزیشن اس مسئلہ پر جو مذاکرات کرنا چاہتی تھی وہ ملکی مفاد میں نہیں بلکہ ان کی اپنی ذات کے لیے تھے، تمام اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر اس میٹنگ میں شامل تھے جس میں نیب میں اپوزیشن چونتیس ترامیم کیں، یہ معاملہ اب عوام پر چھوڑتا ہوں کہ کیا یہ این آر او مانگ رہے تھے یا نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے نیب بل کو 1999 سے شروع کرنے کا مطالبہ کیا، اگر مطالبہ مان لیا جاتا تو 99 تک تمام غیر قانونی طور پر بنائے گئے اثاثے سب جائز ہوجاتے جب کہ اس کے بینفشری شہباز شریف، آصف زرداری، فریال تالپور اور خواجہ آصف تھے، اہلیہ اور بچوں کے نام بھی باہر نکالنے کا مطالبہ کیا گیا تاہم ان کو پتہ ہے جب تک عمران خان موجود ہے ان کے چوری کے اثاثے اور سیاسی مستقبل کو محفوظ نہیں بناسکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ یہ پہلے بھی ناکام ہوئے اب بھی ناکام ہوں گے، یہ ریلیاں کرنا چاہتے ہیں ضرور کریں لیکن عوام کی صحت کا خیال رکھیں، یہ وہ لوگ ہیں جو اداروں کو مانتے ہی نہیں ہیں تاہم اداروں کو کہا جارہا ہے جمہوری حکومت کو گھر بھیجیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ ان کے جلسوں کی وجہ سے ان کو قانون اور جانوں کی کوئی پروا نہیں، بے حسی اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، ہر میلہ ان کا فیل ہوا، اب اگلا میلہ لاڑکانہ میں کرنے جارہے ہیں تاہم وہاں بھی ان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ کرپٹ اور نااہل لوگ ہیں، ملکی مفاد کو داؤ پر لگا کر آج سرا سر جھوٹ بول رہے ہیں۔

مقبول خبریں