رنسٹرا پاکستانی تخلیق کاروں کیلیے پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف

پ ر  بدھ 23 دسمبر 2020
پلیٹ فارم میڈیا انڈسٹری کیلیے سنگ میل،صنعت کیلیے محور ثابت ہوگا،مقررین۔ فوٹو: ٹوئٹر

پلیٹ فارم میڈیا انڈسٹری کیلیے سنگ میل،صنعت کیلیے محور ثابت ہوگا،مقررین۔ فوٹو: ٹوئٹر

کراچی: پاکستانی تخلیق کاروں کیلیے رنسٹرا پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن کر سامنے آگیا ہے جو ابھرتے ہوئے تخلیق کاروں اور فلم سازوں کو پاکستان کے212 ملین افراد اوردوسرے ممالک میں مقیم ہم وطنوں کیلیے مواقع اوررسائی فراہم کرتا ہے۔

جدید ترین ٹیکنالوجی کا یہ پلیٹ فارم جس میں رومانس، کامیڈی، سنسنی خیزی، میوزک، کوکنگ اور مشہور شخصیات کے ٹاک شوز شامل ہیں کیلیے ملک کے نامور افراد نے تحریر اور ہدایت کاری کی ہے۔ ان میں حسینہ معین، مہرین جبار، شاہ یاسر، عمران محبوب، ارم بنتے شاہد، فرحین چودھری، سہیل جاوید، سعدیہ جبار اور بہت سی دوسری شخصیات اور نیا ٹیلنٹ شامل ہیں۔

رنسٹرا ٹیکنالوجیز کے چیئرمین اور شریک بانی ڈاکٹر عادل اختر نے اس کی لانچ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا یہ پاکستان کے لیے ایک سنگ میل ہے کیونکہ رنسٹرا ابھرتے ہوئے تکنیکی دور میں لوگوں کی حقیقی تخلیقی صلاحیت کوروشناس کرائے گا۔ خیال یا تخلیقی صلاحیتوں کا حامل فرد اب میڈیا کے بیانیہ کو اپنے طور پر متاثر کرسکتا ہے۔فنکار اور تخلیقی ذہن پاکستان کے ثقافتی سفیر ہیں،ہمارا کثیر جہتی ٹیکنالوجی پلیٹ فارم موجودہ اور آنے والے ہنر کو کثیر جہتی شکلوں میں کاروبار کے مواقع فراہم کرے گا۔

رنسٹرا ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر جہانگیر نے کہا کہ رنسٹرا پاکستان میں میڈیا انڈسٹری کے لیے سنگ میل، صنعت کے لیے ایک محور ثابت ہوگا جہاں مواد تخلیق کرنے والے اپنے کام کی نمائش اور پیسے کمانا شروع کردیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔