قومی ہاکی نیشنل بینک نے واپڈا کا کھاتہ بند کر دیا

2-1 سے ٹھکانے لگایا، پی آئی اے نے سوئی سدرن گیس کو اسی مارجن سے شکست دی، فیصلہ کن معرکہ آج کھیلا جائے گا


Sports Reporter December 29, 2013
2-1 سے ٹھکانے لگایا، پی آئی اے نے سوئی سدرن گیس کو اسی مارجن سے شکست دی، فیصلہ کن معرکہ آج کھیلا جائے گا۔ فوٹو: فائل

CAPETOWN: قومی ہاکی چیمپئن شپ میں اتوار کو پی آئی اے اور نیشنل بینک ٹائٹل کیلیے صف آرا ہوں گے۔

مقابلہ دوپہر2 بجے شروع ہوگا،سیمی فائنلز میں نیشنل بینک نے واپڈا کا کھاتہ بند کرتے ہوئے اسے2-1 سے ٹھکانے لگایا جبکہ دفاعی چیمپئن قومی ایئرلائنز نے سوئی سدرن گیس کو اسی مارجن سے شکست دی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جوہرٹائون اسٹیڈیم میں منعقدہ پہلے سیمی فائنل میں پی آئی اے نے پرواز اونچی رکھتے ہوئے سوئی سدرن گیس کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی، دونوں ٹیموں نے میچ کے آغاز میں انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا اور سبقت لے جانے کے لیے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر پے درپے حملے کیے، البتہ دفاعی کھلاڑی سیسہ پلائی دیوار بنے رہے، اس جنگ میں کامیابی پی آئی اے کو ملی ، کھیل کے 15ویں منٹ میں کاشف علی نے پنالٹی کارنر پر بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال میں پہنچا دیا، خسارے میں جانے کے بعد سوئی سدرن گیس کے فارورڈز نے جارحانہ انداز اپنایا اورمقابلہ برابر کرنے کیلیے بھرپور کوششیں کیں لیکن حریف گول کیپر عمران بٹ ان حملوں کو ناکام بناتے رہے۔



32ویں منٹ میں تجربہ کارکھلاڑی شکیل عباسی نے پی آئی اے کے دفاعی حصار کو توڑتے ہوئے جوابی گول داغ کر مقابلہ1-1 کردیا، پہلے ہاف کی بانسبت وقفے کے بعد پی آئی اے نے زیادہ بہتر کھیل پیش کیا، ٹیم نے ایک بار پھر اس وقت برتری حاصل کر لی جب 39ویں منٹ میں کاشف علی نے پنالٹی کارنر پر گول بنایا، کھیل کے اختتامی31 منٹ میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن فارورڈز اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔دوسرے سیمی فائنل میں نیشنل بینک نے واپڈا کیخلاف 2-1 سے کامیابی سمیٹ کر فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا، دوران میچ شائقین کو شاندار کھیل دیکھنے کو ملا، دونوں ٹیموں نے کئی عمدہ موو بنائیں، کھیل کے23 ویں منٹ میں واپڈا کے سلمان کوگول کرنے کا آسان موقع ملا لیکن حریف گول کیپر نے اسے ناکام بنا دیا، کھیل کے ابتدائی 35 منٹ میں کوئی بھی ٹیم گیند کو جال کی راہ نہیں دکھا سکی۔

دوسرے ہاف میں نیشنل بینک کا جارحانہ انداز اسے برتری دلانے میں معاون ثابت ہوا، کاشف شاہ نے45 ویں منٹ میں حریف سائیڈ کے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا، 53ویں منٹ میں محمد دلبر نے گول کر کے برتری مستحکم بنائی، 2 گول کے خسارے میں جانے سے واپڈا کے جوابی حملوں میں شدت آئی، جس کے نتیجے میں اختتام سے محض2منٹ قبل محمد عمران ٹیم کا خسارہ کم کرنے میں کامیاب ہوئے مگر شکست کوپرے نہ دھکیلا جا سکا۔