ڈربن ٹیسٹ جنوبی افریقہ نے بھارت کے گرد شکنجہ کس دیا

چوتھے روز مہمان ٹیم کے 68 پر 2 آئوٹ، میزبان کو98رنز کی برتری حاصل


Sports Desk December 30, 2013
چوتھے روز مہمان ٹیم کے 68 پر 2 آئوٹ، میزبان کو98رنز کی برتری حاصل۔ فوٹو : فائل

ڈربن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کے گرد شکنجہ کس دیا، الوداعی ٹیسٹ میں آل رائونڈر جیک کیلس نے سنچری جڑکرپروٹیز کی پوزیشن مضبوط کردی۔

چوتھے روز کے اختتام تک بھارت نے دوسری اننگز میں 68 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، ابھی بھی 98 رنز کا خسارہ موجود ہے، اس سے پہلے پروٹیز نے پہلی اننگز میں 500 رنز بنائے، جیک کیلس نے 115 کی اننگز کھیلی، روبن پیٹرسن بھی ففٹی جڑنے میں کامیاب رہے، رویندرا جڈیجا نے 6 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان ڈربن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز بھی بارش اور کم روشنی کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے کھیل تعطل کا شکار رہا تاہم آخر میں آفیشل طور پر اسٹمپڈ کا اعلان کیا گیا، دوسری اننگز میں بھارتی قدم آغاز پر ہی ڈگمگا گئے جب اس کے دو اہم کھلاڑی 53 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، مرلی وجے ابھی 6 رنز ہی بنا پائے تھے کہ ورنون فلینڈر کا شکار بن گئے، انھوں نے باہر جاتی گیند کو آدھا قدم آگے بڑھ کر پش کرنے کی کوشش مگر وہ بیٹ کا کنارہ چھوتی ہوئی فرسٹ سلپ میں موجود گریم اسمتھ کے ہاتھوں میں چلی گئی۔



شیکھر دھون بھی بڑی اننگز کا خواب آنکھوں میں سجائے صرف 19 رنز پر رخصت ہوئے، روبن پیٹرسن کی سلو ڈلیوری کو کھیلنے کیلیے وہ کریز سے باہر آئے اور مڈ وکٹ کی جانب گیند اچھالی جہاں پر موجود فاف ڈو پلیسی نے اچھل کر کیچ قابو کرلیا۔ جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو بھارت نے 2 وکٹ پر 68 رنز بنائے تھے جبکہ اسے پہلی اننگز کا خسارہ برابر کرنے کیلیے مزید 98 رنز درکار تھے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 299 رنز پانچ وکٹوں سے کھیل کا آغازکیا، پہلے سیشن میں اس نے2.73 کے رن ریٹ سے 96 رنز بنائے تاہم دوسرے سیشن میں اس نے 102 رنز بنائے، بارش کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو قبل از وقت چائے پینا پڑی مگر جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو جنوبی افریقی وکٹیں تیزی سے گرنے لگیں۔ کیلس اپنے الوداعی ٹیسٹ میں 115 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس کے لیے انھوں نے 316 بالز کا سامنا کرتے ہوئے13 چوکے جڑے، روبن پیٹرسن نے 61اور ڈیل اسٹین نے 44 رنز اسکور کیے۔