قومی ون ڈے کراچی ڈولفنز نے زیبراز کا 7وکٹ سے شکار کرلیا

آصف ذاکر کی ناقابل شکست سنچری، شاہ زیب 4 اور بابر رحمان کی 3 وکٹیں


Sports Reporter December 30, 2013
آصف ذاکر کی ناقابل شکست سنچری، شاہ زیب 4 اور بابر رحمان کی 3 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

قومی ون ڈے کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کراچی ڈولفنز نے زیبراز کا شکار 9وکٹ سے کرلیا۔

آصف ذاکر نے 117کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شاہ زیب اور بابر رحمان کی عمدہ بولنگ کی مرہون منت رہی، فاتح ٹیم نے 242 رنز کا ہدف ایک وکٹ گنوا کر ہی حاصل کرلیا۔فائنل میں کراچی زیبراز کا ٹکرائو منگل کو نیشنل اسٹیدیم میں پشاور پینتھرز سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم پر کراچی ڈولفنز نے ٹاس جیت کر زیبراز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جو 45اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر241 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، بابر حسین 79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انھوں نے 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے8چوکے اور3چھکے لگائے،عبدالجبار نے43 گیندوں پر35،اشرف علی نے 36 گیندوں پر34اورنوید خان نے 37 گیندوں پر32 رنز جوڑے، فراز احمد نے29رنز بنائے،شاہ زیب نے36 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ بابر رحمان نے46 رنز دے کر3 وکٹیں اپنے نام کیں۔



جواب میں کراچی ڈولفنز کو ہدف کے تعاقب میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا،فضل سبحان اور آصف ذاکر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 189 رنز بناکر کامیابی کی بنیاد فراہم کی، 25 ویں اوور کی دوسری گیند پرفضل سبحان84 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد فراز احمد کی گیند پر اشرف علی کو کیچ دے بیٹھے، انھوں نے 77 گیندوں کا سامنا کیا اور6 چوکے اور 2 چھکے لگائے، بعد میں آنے والے محمد وقاص نے ناقابل تسخیرآصف ذاکر کے ساتھ مل کر37.1 اوور ہی میں اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا، سینچری اسکور کرنے والے آصف ذاکر نے117 رنزکی اننگز میں106 گیندوں کا سامنا کیا اور 15 مرتبہ گیند کو بائونڈری کے پار لگایا تاہم وہ کوئی چھکا نہ لگا سکے، محمد وقاص نے ایک چوکے کی مدد سے 40 گیندوں پر23 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے،آصف ذاکر نے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ اور 25 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔