کراچی میں دھرنا مظاہرین اور شہریوں میں تصادم، متعدد موٹرسائیکلیں نذر آتش

ویب ڈیسک  جمعـء 8 جنوری 2021
کراچی میں 26 مقامات پردھرنے، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا

کراچی میں 26 مقامات پردھرنے، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا

 کراچی /  کوئٹہ: منفی درجہ حرارت میں سانحہ مچھ کے خلاف متاثرین  کا میتوں سمیت احتجاج  چھٹے روزمیں داخل ہوگیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق منفی درجہ حرارت میں سانحہ مچھ کے خلاف متاثرین کا میتوں سمیت احتجاج  چھٹے روزمیں داخل ہوگیا ہے۔ کھلے آسمان تلے بیٹھے مظاہرین کی جانب سے وزیراعظم کی آمد تک لاشوں کودفنانے سے تاحال انکارکیا جارہا ہے۔

شہداء کمیٹی اوردھرنا منتظمین کی ہنگامی پریس کانفرنس بھی ہوئی۔ متحدہ وحدت المسلمین کے رہنما  آغا رضا نے کہا کہ دھرنے سے متعلق خاص طبقہ منفی پروپگینڈہ کر رہا ہے، وزیراعظم آئیں گے انہیں عزت دی جائے گی۔

دوسری جانب شہرقائد میں بھی سانحہ مچھ کے خلاف 26 مقامات پردھرنا جاری ہے جن میں مرکزی دھرنا نمائش چورنگی جب کہ دوسرے علاقوں ناتھا خان، کالونی گیٹ، کامران چورنگی، جوہر موڑ، صفورا چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نیپا، سمامہ پل کے قریب، ملیر 15، اسٹارگیٹ، پاور ہاؤس، انچولی، فائیواسٹار چورنگی، ٹاور، عائشہ منزل، ناظم آباد 7 نمبر، ناظم آباد 1، شاہ فیصل کالونی پل، ضیاء الدین چورنگی، ناگن چورنگی اورپیپلز چورنگی، شاہ فیصل کالونی پل، ضیاء الدین چورنگی، ناگن چورنگی اورپیپلز چورنگی شامل ہے۔

احتجاج ودھرنے کے باعث شہرکی مرکزی شاہراہوں پرٹریفک کی روانی شدید متاثرہوگئی ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شاہ فیصل اورڈرگ روڈ کے قریب مظاہرین اور شہریوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی اوراس دوران ہجوم نے دھرنے میں شریک مظاہرین کی 6 موٹرسائیکلوں کو نذر آتش کردیا۔

فضائی آپریشن بری طرح متاثر

ملک میں چار روز سے جاری دھرنوں کی وجہ سے فضائی آپریشن شدید متاثر ہوگیا۔ پی آئی اے سمیت غیر ملکی ایئر لائنز کی اندرون و بیرون ممالک کی 50 سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔

غیر ملکی ایئر لائنز کی کراچی سے بنکاک، دبئی،شارجہ،دمام،کویت،کولمبو کی 21 دو طرفہ پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ایئر پورٹ حکام کے مطابق ایئر لائنز کے فضائی عملی سمیت مسافروں کو بھی ایئر پورٹ جانے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔