پروٹیز پاکستان میں سیکیورٹی کی فکر سے آزاد

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 15 جنوری 2021
فلیٹ پچزپر پلیئرزمکمل صلاحیت سے کھیلے تو بہت رنز بنا سکتے ہیں ۔فوٹو: فائل

فلیٹ پچزپر پلیئرزمکمل صلاحیت سے کھیلے تو بہت رنز بنا سکتے ہیں ۔فوٹو: فائل

جوہانسبرگ: پروٹیز پاکستان میں سیکیورٹی کی فکر سے آزاد ہوگئے جب کہ ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے کہاکہ ہمارے ماہرین نے صورتحال کو ٹیم کے لیے محفوظ قرار دے دیا ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 2007 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے، وہ اس ٹور میں ٹیسٹ اور ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے گی، پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں شیڈول ہے، پروٹیز کو پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی بھی فکر نہیں،اس  کی تصدیق خود ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے کردی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی ماہرین وہاں گئے اور صورتحال کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد اسے ہمارے لیے محفوظ قرار دیا ہے، سیکیورٹی ہمارے لیے کوئی ایشو نہیں ہے، ہم وہاں جاکر دوبارہ سے کرکٹ کھیلنا شروع کریں گے۔

باؤچر نے 1997 میں پاکستان میں ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد شاندار کیریئر کے دوران 147 میچز کھیلے، انھوں نے کہا کہ دیگر ایشیائی ممالک کی بانسبت پاکستانی کنڈیشنز ہماری ٹیم کیلیے زیادہ موزوں ہیں، اگرچہ یہ  مشکل ضرورہے مگر ان پچز پر پاکستان باقاعدگی سے اچھے فاسٹ بولرز متعارف کروا رہا ہے جو ریورس سوئنگ کرتے ہیں، وہاں پر پچز فلیٹ ہیں لیکن آپ اگر اپنی مکمل صلاحیت سے کھیلے تو بہت رنز بنا سکتے ہیں۔

مارک باؤچر نے کوچنگ اسٹاف میں جیک کیلس کی بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ واپسی کی بھی امید ظاہر کردی، سابق آل راؤنڈر نے انگلینڈ کے ساتھ مختصر مدت کا معاہدہ کیا تھا، باؤچر نے کہاکہ میں بڑی شدت سے ان کی اپنی ٹیم میں واپسی کا خواہاں ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔