بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز1-2 سے اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک  منگل 19 جنوری 2021
شکست کے بعد آسٹریلیا کی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی، بھارت دوسرے نمبر پر آگیا

شکست کے بعد آسٹریلیا کی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی، بھارت دوسرے نمبر پر آگیا

برسبن: بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میں شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کرلی۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ گابا میں کھیلا گیا جس میں کینگروز نے پہلی اننگز میں مارنس لبوشین کی سنچری کی بدولت 369 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارتی نے ڈیبو کھلاڑی واشنگٹن سندر اور شردل ٹھاکر کی نصف سنچریوں کی بدولت 336 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

آسٹریلیا دوسری اننگز میں 294 رنز ہی بناسکی اور یوں بھارت کو جیت کے لیے 328 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارت کی نوجوان اوپننگ بلے باز شبمن گل نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 91 رنز بنائے اور پچارہ نے نصف سنچری اسکور کی لیکن بھارت کی جیت میں اصل کردار وکٹ کیپر بلے باز ریشابھ پانٹ نے ادا کیا۔

ریشابھ پانٹ نہ صرف وکٹ پر رکے رہے بلکہ آخری لمحات میں تیز اننگز کھیل کر بھارت کو جیت سے ہمکنار کروایا، وہ 138 گیندوں پر 89 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جس پر انہیں مین آف دی میچ سے بھی نوازا گیا۔

https://twitter.com/ICC/status/1351435344349040640

دوسری جانب بھارت آسٹریلیا کو سیریز میں شکست دینے کے بعد آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا، دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ اور تیسرے نمبر پر آسٹریلیا موجود ہے۔

https://twitter.com/ICC/status/1351437049954398209

بھارت اس فتح کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں بھی دوسرے نمبر پر آگیا ہے، نیوزی لینڈ پہلے نمبر پر موجود ہے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔

واضح رہے آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف 36 رنز پر آل آؤٹ کرکے نا صرف ریکارڈ قائم کیا تھا بلکہ میچ میں بھی بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا لیکن اس کے بعد بھارت نے سیریز میں شاندار کم بیک کرکے ناقدین کو خاموش کردیا، دوسرے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 8 وکٹ سے شکست دی اور تیسرا ہارا ہوا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔