شادی سے ایک روز قبل ورون دھون کی کار کا ایکسیڈنٹ

ویب ڈیسک  اتوار 24 جنوری 2021
ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی مختلف رسموں کا آغاز 22 جنوری سے ہوچکا ہے فوٹوفائل

ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی مختلف رسموں کا آغاز 22 جنوری سے ہوچکا ہے فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی اداکار ورون دھون کی شادی سے ایک روز قبل ان کی کار کا ایکسیڈنٹ ہوگیا۔

اداکار ورون دھون اپنی دیرینہ دوست نتاشا دلال کے ساتھ آج یعنی 24 جنوری کو شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں۔ دونوں کی شادی کی تیاریاں کئی روز قبل ہی شروع ہوچکی ہیں۔ ورون اور نتاشا نے بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے علاقے علی باغ میں ایک پرتعیش فائیو اسٹار ہوٹل دی مینشن ہاؤس بک کیا ہے جہاں پر شادی کی ساری رسمیں ہوں گی۔

دلہا اور دلہن کے تمام گھر والے اس مینشن میں پہلے ہی جاچکے ہیں اور دونوں کی شادی کی مختلف رسموں کا آغاز 22 جنوری سے ہوچکا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ورون دھون کے دوست نے گزشتہ روز ان کے لیے بیچلرز پارٹی کا انعقاد کیا تھا۔ ورون دھون اپنی کار میں بیچلرز پارٹی میں جارہے تھے کہ ان کی کار کا ایکسیڈنٹ ہوگیا۔

خوش قسمتی سے حادثہ زیادہ بڑا نہیں تھا۔ حادثے میں نہ تو کار کو زیادہ نقصان پہنچا اور نہ ہی کار میں بیٹھے لوگوں کو۔ رپورٹس کے مطابق ورون دھون بیچلرز پارٹی میں شرکت کرنے کے بعد علی باغ کے مینشن پہنچے جہاں ان کی شادی کی تقریب ہوگی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ورون اور نتاشا کی شادی میں 50 کے قریب لوگ شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ دی مینشن ہاؤس میں کووڈ 19 کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔