کوئنز ٹاؤن میں رنز کا سیلاب کئی ریکارڈز بہا لے گیا

کیویز نے22 چھکے لگائے،اینڈرسن اور رائیڈر نے191رنز جوڑ کر ملکی ریکارڈ بنا لیا


Sports Desk January 02, 2014
ویسٹ انڈین ٹیم رنز کے لحاظ سے کیویز کیخلاف سب سے بڑی شکست کا شکار ہوئی، ون ڈے میں یہ اس کی پانچویں بدترین ناکامی بنی۔۔فوٹو:اے ایف پی

کوئنز ٹاؤن میں رنز کا سیلاب کئی ریکارڈز بہا لے گیا، کورے اینڈرسن نے 36گیندوں پر سنچری بنائی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے نام درج تھا،انھوں نے10 اپریل1996کو نیروبی میں سری لنکا کیخلاف تھری فیگر اننگز کیلیے 37 بالز کا سامنا کیا تھا، کیوی بیٹسمین نے ویسٹ انڈیز کیخلاف طوفانی اننگز میں 14 چھکے لگائے، ورلڈ ریکارڈ 16 چھکے بھارتی بیٹسمین روہت شرما نے 2ماہ قبل آسٹریلیا کیخلاف رسید کیے تھے، ان کے بعد کینگرو اسٹار شین واٹسن (15) کا نام درج ہے، جنھوں نے 2011میں بنگلہ دیشی بولنگ کو بے حال کر دیا تھا۔ حالیہ میچ میں ہی جیسی رائیڈر نے چھٹی تیز ترین سنچری بنائی، کسی ایک ون ڈے میں 2 بیٹسمینوں کی جانب سے ایسی اننگز کا یہ پہلا موقع ثابت ہوا، کیریبیئن بولر روی رامپال نے3 اوورز میں 21.33 کے اکانومی ریٹ سے64رنز دیے،یہ ون ڈے میں ایک سے زائد اوور کرنے والے کسی بھی بولر کی بدترین کارکردگی ہے،5 یا زائد بولرز کے ایک اننگز میں 10 سے زائد کے اکانومی ریٹ سے رنز دینے کا بھی یہ پہلا اتفاق تھا۔



اینڈرسن اور رائیڈر نے چوتھی وکٹ کیلیے191رنز جوڑ کر ملکی ریکارڈ بنایا،اس سے قبل 2010میں دمبولا میں اسکاٹ اسٹائرس اور روس ٹیلر نے190 رنز کی پارٹنر شپ کی تھی،کیویز نے میچ میں صرف126گیندوں پر22 چھکے لگا کر ریکارڈ بنایا، حال ہی میں بھارت اور آسٹریلیا نے اپنی اننگز میں 19، 19 چھکے رسید کیے تھے۔ اینڈرسن اور رائیڈر نے نکاتا ملر کے چوتھے اوور میں27رنز بٹورے، یوں کسی ویسٹ انڈین بولر کی پٹائی کا ریکارڈ برابر ہو گیا، ای ین بشب کو 1995-96 میں پاکستان کیخلاف شارجہ میں اسی رسوائی کا سامنا کرنا پڑا تھا،2004میں لارڈز میں ڈیوائن اسمتھ کے ایک اوور میں بھی انگلش بیٹسمینوں نے27رنز بٹورے تھے۔ ویسٹ انڈین ٹیم رنز کے لحاظ سے کیویز کیخلاف سب سے بڑی شکست کا شکار ہوئی، ون ڈے میں یہ اس کی پانچویں بدترین ناکامی بنی۔