حکومتی کمیٹی اور احتجاجی سرکاری ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب

ویب ڈیسک  جمعرات 11 فروری 2021
صبح 11 بجے حکومتی کمیٹی کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہوگی، رہنما سرکاری ملازمین۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

صبح 11 بجے حکومتی کمیٹی کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہوگی، رہنما سرکاری ملازمین۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

 اسلام آباد: حکومتی کمیٹی اور احتجاجی سرکاری ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جب کہ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے پر اتفاق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے ڈی چوک میں موجود احتجاجی سرکاری ملازمین اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جب کہ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے پر اتفاق کیا گیا ہے جس کا باقائدہ اعلان حکومتی کمیٹی کی جانب سے آج (جمعرات) دن 2 بجے کیا جائے گا۔

قبل ازیں رہنما سرکاری ملازمین اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے شرکت کی۔

حکومتی کمیٹی کی جانب سے مذاکرات میں رواں سال کے بجٹ تک 1 تا 22 گریڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد عبوری اضافے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جب کہ رہنما سرکاری ملازمین کے مطالبے پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام گرفتار احتجاجی سرکاری ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے۔

یہ خبر بھی دیکھیے: اسلام آباد میں احتجاجی سرکاری ملازمین اور پولیس میں جھڑپ، علاقہ میدان جنگ بن گیا

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما سرکاری ملازمین چوہدری سرفراز نے کہا کہ گرفتار سرکاری ملازمین کی رہائی اور تنخواہوں کے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی دھرنا ختم کیا جائے گا اور صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے صوبوں کو ڈائریکٹیو بھجوانے کے بعد دیگر شہروں سے آئے مظاہرین بھی واپس چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے سروس اسٹرکچر سے متعلق بھی نوٹیفکیشن جاری ہوگا جب کہ اس سلسلے میں صبح 11 بجے حکومتی کمیٹی کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔