پی ایس ایل کے ترانے پر فردوس عاشق اعوان بھی چُپ نہ رہ سکیں

نصیبو لعل ہمارا لعل ہیں ، ان کی آواز تو بہترین ہے، پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا تبصرہ


ویب ڈیسک February 11, 2021
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ایس ایل سکس کے ترانے پر جاری بحث میں اپنا حصہ شامل کردیا(فوٹو، فائل)

شائقین اور فن و کھیل کی معروف شخصیات کی طرح پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ایس ایل سکس کے تھیم سانگ پر جاری بحث میں اپنا حصہ شامل کردیا۔

قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے موقعے پر معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پنجاب کی سرزمین پر خوش آمدید کہتی ہوں۔سب کو مبارک باد ہے کہ پنجاب کے کھیل کے میدان آباد ہوئے ہیں۔ پاکستانیوں کی دعائیں رنگ لائیں اور میچز شروع ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا شکریہ کے پاکستان کا مثبت امیج دنیا میں اجاگر کیا۔ پاکستان کی کرکٹ سے محبت اور جنون کسی اور ملک سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: فنکار برادری نصیبو لعل کی حمایت میں میدان میں آگئی

پی ایس ایل سکس کے ترانے پر جاری سوشل اور مین اسٹریم میڈیا میں جاری بحث سے متعلق پوچھے گئے سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ایس ایل کا گانا سنا جو چاہ رہے تھے یہ اس معیار کا نہیں۔ نصیبو لعل ہمارا لعل ہیں، ان کی آواز تو بہترین ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا گانا اس سے کہیں بہتر ہونا چاہیے تھا۔

'بارہواں کھلاڑی'

اس موقعے پر بھی فردوس عاشق اعوان نے اپوزشین کو کرکٹ کی زبان میں تنقید کا نشانے کا موقعہ ہاتھ سے نہ جانے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدان میں بارہویں کھلاڑی کی کوئی جگہ نہیں ہوتی۔بارہویں کھلاڑی مولانا فضل الرحمان گراؤنڈ سے باہر ہیں۔ ان کا کام بس باہر ٹہلنا اور گیندیں پکڑنا ہوتا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ریٹائرڈ ہرٹ 26 مارچ کی تاریخ دے چکے ہیں۔ دیکھتے ہیں ان فٹ کھلاڑی ان فارم عمران خان کا کیسے سامنا کرتے ہیں۔ نومولود بچوں کے کندھوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ کرکٹ کا یا کھیل کا میدان ہر جگہ کھلاڑی عمران ہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ این سی او سی نے رپورٹ کے مطابق شائقین کو اجازت دی۔ صورتحال بہتر ہوئی تو شائقین کی تعداد کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ کوڈ کی وجہ سے کرکٹ کا رنگ پھیکا پڑا ہوا ہے۔ ہم بھی چاہتے ہیں زیادہ شائقین کرکٹ میدانوں کا رخ کریں۔

مقبول خبریں