برسبین ٹینس لیٹن ہیوٹ نے راجر فیڈرر کو پچھاڑ کر ٹائٹل جیت لیا

آسٹریلین اسٹار تین برس بعدٹرافی پر قبضہ کرنے میں کامیاب ، ڈبلز میں ڈینیئل نیسٹور اور فرنسٹنبرگ نے میدان مارلیا


Sports Desk January 06, 2014
سڈنی انٹرنیشنل کے ویمنز سنگلز میں 7 سیڈ سیمونا ہالیپ پہلی آزمائش میں ناکام، سارا ایرانی نے روبریٹا ونسی کو زیر کرلیا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

برسبین انٹرنیشنل ٹینس کے مینز سنگلز فائنل میں آسٹریلوی ہیرو لیٹن ہیوٹ نے راجرفیڈرر کو پچھاڑ دیا۔

میزبان اسٹار نے تین برس بعد پہلی ٹرافی اور مجموعی طور پر 29واں ٹائٹل اپنے نام کیا، ان کی جیت کا اسکور 6-1،4-6 اور 6-3 رہا۔مینز ڈبلز کا ٹائٹل کینیڈا کے ڈینیئل نیسٹور اور پولش پلیئر ماریوسز فرنسٹنبرگ نے جیت لیا۔سڈنی انٹرنیشنل ٹینس کے ابتدائی ویمنز سنگلز میں 7 سیڈ سیمونا ہالیپ کو شکست ہوگئی، سارا ایرانی نے ہموطن روبریٹا ونسی کو مات دیکر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی، ہنچووا کو کروشین کوالیفائر ایجلا ٹوملی جینووچ نے ہرادیا۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلین ہیرو لیٹن ہیوٹ نے برسبین انٹرنیشنل کے مینز سنگلز فائنل میں سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کو شکست دیکر سب کو حیران کردیا، فیڈرر کیخلاف باہمی 27 مقابلوں میں یہ ہیوٹ کی 9 ویں فتح ہے، 18 مقابلوں میں سوئس اسٹار میدان سے فتحیاب لوٹے ہیں، دلچسپ امر یہ ہے کہ 2010 میں بھی ہیوٹ نے اپنی آخری ٹائٹل فتح ہیل اوپن کے فائنل میں فیڈرر کو ٹھکانے لگاکر حاصل کی تھی،ہیوٹ کی موجودہ عالمی رینکنگ 60 ہے لیکن اب اس کامیابی کے بعد وہ پیر کو جاری ہونے والی نئی عالمی درجہ بندی میں ممکنہ طور پر 43ویں نمبر پر آجائیںگے۔

 photo 6_zps1894507d.jpg

ہیوٹ نے سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن سے قبل ٹائٹل جیت کر دیگر حریف پلیئرز کیلیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، جس کے ڈراز کا اعلان 10 جنوری کو ہوگا، ہیوٹ کیخلاف فائنل میں فیڈرر کا آغاز مایوس کن رہا، جس میں ان سے سرزد ہونے والی 22 غیرضروری غلطیوں نے میزبان اسٹار کو6-1 سے فتح دلوادی، فائنل سے قبل تک فیڈرر نے کسی بھی مقابلے میں سروس نہیں گنوائی تھی لیکن اس مرتبہ وہ ایسا نہیں کرپائے اور پہلے ہی گیم میں ہیوٹ نے ان کی سروس بریک کی، پہلے سیٹ کا فیصلہ محض27 منٹ میں ہوا، دوسرے سیٹ میں بھی اگرچہ ہیوٹ ابتدا سے فیڈرر پر حاوی رہے تاہم ٹاپ سیڈ سوئس پلیئر نے بتدریج ردھم حاصل کرتے ہوئے مقابلے میں واپسی اختیار کی اور یہ سیٹ 6-4 سے جیت کر حساب چکتا کرلیا۔

تیسرے سیٹ میں ہیوٹ کو سروس اپنے پاس رکھنے میں اگرچہ کچھ مشکلات پیش آئیں لیکن چوتھے گیم میں فیڈرر نے سروس ڈراپ کرکے انھیں برتری پانے کا موقع فراہم کردیا اور انھوں نے یہ سیٹ 6-3 سے جیت کر ٹرافی اپنے قبضے میں کرلی۔مینز ڈبلز کا ٹائٹل کینیڈا کے ڈینیئل نیسٹور اور پولش پلیئر ماریوسز فرنسٹنبرگ نے جیت لیا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں سباستین کیبال اور روبرٹ فاراہ کو6-7 (4/7)،6-4 اور10-7سے ہرادیا۔دوسری جانب سڈنی انٹرنیشنل ٹینس کے ویمنزسنگلز میں7سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو امریکی پلیئر میڈیسن کیز نے پہلے ہی مرحلے میں6-1،6-4 سے ٹھکانے لگادیا، البتہ تھرڈ سیڈ اطالوی اسٹار سارا ایرانی نے ہموطن روبریٹا ونسی کو 6-4،6-2 سے مات دیکر اگلے رائونڈمیں جگہ بنالی، کروشین کوالیفائر ایجلا ٹوملی جینووچ نے معروف سلواکین پلیئر ڈنیلا ہنچووا کو 6-4 اور7-5 سے قابوکرلیا۔