افغانستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، 9 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 23 فروری 2021
ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا تعلق پبلک رائزنگ سیکیورٹی فورس سے ہے، فوٹو : فائل

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا تعلق پبلک رائزنگ سیکیورٹی فورس سے ہے، فوٹو : فائل

کابل: افغانستان کے صوبے لوگار کی چیک پوسٹ پر حملے میں 9 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادرے کے مطابق افغانستان کے صوبے لوگار میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، جس پر اہلکاروں نے بھی شدید مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں پبلک اپ رائزنگ سیکیورٹی فورس کے 9 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

حملہ آور جاتے ہوئے اپنے ہمراہ سرکاری اسلحہ اور ایک گاڑی بھی لے گئے جب کہ دو اہلکاروں کو یرغمال بنانے کی بھی اطلاع ہے۔ لوگار کے گورنر کے ترجمان نے حملے کی ذمہ داری طالبانپر عائد کی ہے۔

طالبان نے حکومت کی جانب سے لوگار حملے کی ذمہ داری عائد کرنے پر الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان اور کابل حکومت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جو تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں جب کہ کابل سمیت کئی شہروں میں مسلح کارروائیاں جاری ہیں جس میں رواں برس 72 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔