سندھ میں 50 فیصد طلبا کی حاضری پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 28 فروری 2021
نجی اسکولوں میں بچوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہے ، سعید غنی فوٹو: فائل

نجی اسکولوں میں بچوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہے ، سعید غنی فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ حکومت نے کورونا کے مکمل خاتمے تک تعلیمی اداروں میں 50 فیصد حاضری کے تحت تدریسی عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، نجی اسکولوں میں بچوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہے ، وفاقی وزیر تعلیم نے یکم مارچ سے سو فیصد بچوں کو ایک ساتھ اسکول جانے کا اعلان کیا ، وفاقی وزیر تعلیم کے ٹویٹ پر مسئلہ کھڑا ہو گیا۔ جب 100 فیصد بچوں کو ایک ساتھ بلایا جائے گا تو فاصلہ کیسے برقرار رکھا جائے گا۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ کوویڈ ابھی ختم نہیں ہوا کیسز کم ہوئے ہیں، ہم سندھ میں اپنا فیصلہ برقرار رکھیں گے، ہم سو فیصد بچوں کو بلانے کی اجازت نہیں دیں گے ، کوویڈ کے اختتام پر ہی 100 فیصد بچوں کو ایک ساتھ  آنے کی اجازت دی جائے گی ، پہلے سے طے شدہ فیصلوں کے مطابق بچوں کی 50فیصد حاضری ہوگی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے چند روز قبل ٹوئٹر پر  ملک بھر کے تعلیمی ادارے یکم مارچ سے ہفتے میں 5 روز کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فیصلے کا اطلاق ان تمام شہروں پر ہو گا جہاں پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔