ہمارا کام حکومت کو پریشان کرنا تھا اور وہ کردیا، بلاول

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 مارچ 2021
ہمارا کام حکومت کو پریشان کرنا تھا تو وہ کردیا، اب حکومت محنت کر رہی ہے کہ کیسے اپنے اراکین اور اتحادیوں کو قابو کرے (فوٹو : فائل)

ہمارا کام حکومت کو پریشان کرنا تھا تو وہ کردیا، اب حکومت محنت کر رہی ہے کہ کیسے اپنے اراکین اور اتحادیوں کو قابو کرے (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کو پریشان کرکے الیکشن جیت چکی ہے، آج جلدی سوئیں گے، کل جلدی اٹھ کر ووٹ ڈالیں گے۔

 سینیٹ الیکشن سے قبل پیپلز پارٹی کی جانب سے پی ڈی ایم لیڈر شپ اور ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیہ میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، اختر مینگل، شاہ انس نورانی، رانا ثناء اللہ، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب سمیت اپوزیشن کے ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت اپنے اتحادیوں اور ارکان اسمبلی کے بھی مسائل حل نہیں کر رہی، حکومت اپنے لوگوں کے بارے میں پریشان ہے، ہمارا کام حکومت کو پریشان کرنا تھا سو وہ کردیا اب حکومت محنت کر رہی ہے کہ کیسے اراکین اور اپنے اتحادیوں کو قابو کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جیت چکے ہیں، آج ہم جلدی سوئیں گے اور کل صبح جلدی اٹھ کر ووٹ ڈالیں گے، غلط تصویر کشی کی جا رہی ہے کہ اپوزیشن پیسہ استعمال کر رہی ہے، اگر پیسہ استعمال ہو رہا ہے تو وہ حکومت کر رہی ہے، ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔

بلاول نے کہا کہ عمران خان اپنے اراکین کو رشوت دینے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک جج کو سزا دی گئی کہ اس نے کیسے ہمت کی کہ ایک کٹھ پتلی سے سوال پوچھے، ہماری تیاری مکمل ہے، ہم ہر صورتحال کے لیے تیار ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ حکومت پہلی بار ایک نشست پر پریشان ہے، آپ کا پسینہ کیوں نکل رہ ہے خان صاحب؟ کیا آپ کو پتا چل گیا کہ جب پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم میدان میں آ جاتے ہیں تو بھاگنے کا راستہ نہیں ملتا۔

کل پتا چلے گا کہ دھاندلی ہوئی ہے کہ نہیں، حمزہ شہباز

اس موقع پر (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار ہیں، سینیٹ الیکشن سے متعلق پی ڈی ایم قیادت آج جمع ہے، رابطہ کرنا ہر امیدوار کا حق ہے رابطے ہوتے رہتے ہیں، حالات و واقعات اور مفروضوں پر بات نہیں کر سکتے، کل دیکھ کر پتہ چلے گا کہ دھاندلی ہوتی ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے رول پر ساتھیوں نے کوئی بات نہیں کی، امید ہے کل الیکشن فری اینڈ فیئر ہوگا۔

ہمارے 10 ووٹ کم ہیں اور حکومتی 10 سے زائد ارکان ہم سے رابطے میں ہیں، خاقان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کی پوری امید ہے، مہنگائی سے عاجز حکومت سے خائف ہم سے رابطہ کر رہے ہیں امید ہے  گیلانی اور فرزانہ کوثر کامیاب ہوں گے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے بیچ دس ووٹوں کا فرق ہے، دس سے زائد حکومتی اراکین پی ڈی ایم سے رابطے میں ہیں، حیران ہوں کتنے حکومتی اراکین اسمبلی اپنی حکومت سے تنگ ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم این ایز کی بڑی تعداد حفیظ شیخ کو ووٹ نہیں دینا چاہتی، مرضی کے مطابق بات نہ کرنے والوں کو حکومت نشانہ بناتی ہے، حکومت کبھی سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن کو نشانہ بناتی ہے، سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے سے انکاری ایم پی ایز پر ساتھیوں نے حملہ کیا، آج کی رات اور کل کا دن گزر جائے گا، سینیٹ الیکشن پر اثرانداز ہونے والوں کی نشاندہی کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔