سینیٹ انتخابات؛ وزیراعظم بیلٹ پیپر ضائع ہونے پر شہریار آفریدی پر برہم

ویب ڈیسک  بدھ 3 مارچ 2021
شہریارآفریدی کی الیکشن کمیشن کودوبارہ ووٹ کاسٹ کرنےکی درخواست بھی کی ۔ فوٹو:فائل

شہریارآفریدی کی الیکشن کمیشن کودوبارہ ووٹ کاسٹ کرنےکی درخواست بھی کی ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: شہریار آفریدی نے سینیٹ انتخاب کے بیلٹ پیپر پر دستخط کرکے اپنا ووٹ ضائع کردیا، جس پر  وزیراعظم عمران خان نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سینیٹ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین اپنا اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تاہم تحریک انصاف کے رکن اور وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے پہلے اپنے ووٹ پر دستخط کئے اور پھر ووٹ کاسٹ کیا، جس کی وجہ سے ان کا ووٹ کینسل ہوگیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں پولنگ مکمل ہونے کے لیے صرف ایک رکن کا انتظار

بیلٹ پیپر پر دستخط کرنے کی پاداش میں وزیراعظم عمران خان وفاقی وزیر شہریار آفریدی پر برس پڑے اور کہا کہ آپ ایم این اے ہیں اس طرح کی غلطی کیسے کردی،  سب کو طریقہ کار بتایا گیا تھا کہ ووٹ کیسے کاسٹ ہوتا ہے، آپ کو نہیں پتا کس طرح ووٹ کاسٹ کرتے ہیں؟، آپ کو ایسی غلطی نہیں کرنا چاہیے تھی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی وزیراعظم کو تسلی بخش جواب نہیں دے سکے، اور ان کا کہنا تھا کہ کچھ دن سے میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی، ووٹ ڈالنے پہنچا تو پہلے پولنگ عملے سے بات کی، لیکن پولنگ عملے نے صحیح طرح رہنمائی نہیں کی، اور بیلٹ پیپر پر امیدوار کی گنتی کے نمبرز پر انتخاب کی بجائے دستخط کردیئے۔ شہریارآفریدی کی الیکشن کمیشن کودوبارہ ووٹ کاسٹ کرنےکی درخواست بھی کی ہے۔

ایوان کے باہر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اظہار برہمی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، بیلٹ پیپر کا بتایا تو وزیراعظم نے آر او کو درخواست دینے کی ہدایت کی۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ تم میرے سب سے با اعتماد اور وفادار ساتھی ہو، اور تم پر رتی برابر بھی شک نہیں ہے، غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔