سندھ سینیٹ انتخابات ؛ معمر اور علیل ارکان اسمبلی کو خصوصی رعایت

ویب ڈیسک  بدھ 3 مارچ 2021
 وہیل چیئر پر آنے والی پیپلزپارٹی کی بزرگ خاتون رکن اسمبلی پروین بشیر کا ووٹ ارباب لطف اللہ کے ذریعے کاسٹ کروایا گیا۔ (فوٹو: فائل)

وہیل چیئر پر آنے والی پیپلزپارٹی کی بزرگ خاتون رکن اسمبلی پروین بشیر کا ووٹ ارباب لطف اللہ کے ذریعے کاسٹ کروایا گیا۔ (فوٹو: فائل)

کراچی: سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی پولنگ کے دوران معمر اور علیل ارکان اسمبلی کو خصوصی رعایت دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیںنیٹ انتخابت کے دوران سندھ اسمبلی میں معمر اور علیل ارکان اسمبلی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے خصوصی رعایت دی گئی۔

ذرائع کے مطابق مرادعلی شاہ سینئر کو نظر کی کمزوری کے باعث ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے ساتھی رکن کی مدد فراہم کی گئی، وہیل چیئر پر آنے والی پیپلزپارٹی کی بزرگ خاتون رکن اسمبلی پروین بشیر کا ووٹ ارباب لطف اللہ کے ذریعے کاسٹ کروایا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی ہی کے علی نواز مہر کے ہاتھ میں فریکچر کے اور بشیر ہالیپوٹہ کی علالت اور وہیل چیئر پر ہونے کی وجہ سے دوسرے ارکان نے بیلٹ پیپر پر نشانات لگائے۔

پی ٹی آئی کے رکن کی جیب سے موبائل برآمد

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کی شکایت پر پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان کی جیب سے موبائل فون برآمد ہوا، جب کہ پی ٹی آئی ہی کے رکن کریم بخش گبول کی جیب کی تلاشی لی گئی، تاہم ان کی جیب سے موبائل فون برآمد نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق موبائل فون اندر لیجانے پرپیپلزپارٹی اورر پی ٹی آئی پولنگ ایجنٹس میں تکرار بھی ہوئی، خرم شیر زمان کچھ دیر تک الیکشن کمیشن کے عملے کی ڈائیس کے سامنے کھڑے رہے، اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں ووٹ کاسٹ کرنے سے بھی روک دیا گیا، بعد ازاں انہیں حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

واضح رہے کہ موبائل فون پولنگ اسٹیشن کےاندر لے جانا الیکشن کمیشن کے قوانین کے تحت ممنوع ہے، جس کے خلاف پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کو کارروائی کے لئے درخواست بھی دی، جس وقت خرم شیر زمان کی جیب سے موبائل فون برآمد ہوا تو پولنگ ہال کے اندر پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور فوری طور پر پولنگ عملے کو شکایات کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔