سینیٹ انتخاب؛ وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی ارکان کی سست روی کا نوٹس

ویب ڈیسک  بدھ 3 مارچ 2021
الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا  فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا فوٹو: فائل

اپشاور /  اسلام آباد: خیبر پختونخوا اسمبلی میں الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ وقت گزرنے کے بعد پولنگ کا عمل جاری رہا۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا، قومی اسمبلی میں مقررہ وقت سے 2 گھنٹے قبل ہی پولنگ کا عمل تقریباً مکمل ہوگیا تھا تاہم شام 5 بجے تک خیبر پختونخوا اسمبلی کے صرف 120 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا تھا جب کہ دیگر ارکان مقررہ وقت ختم ہونے سے کچھ ہی دیر قبل ایوان میں داخل ہوئے۔

قواعد کی رُو سے الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود افراد کو پولنگ کا حصہ بنانے کا پابند ہے اس لئے تمام ارکان اسمبلی کو ووٹ ڈالنے دیا گیا۔ مقررہ وقت سے بعد ووٹ ڈالنے والے ارکان میں شہرام تراکئی، سردار اورنگزیب، خوش دل خان، نگہت اورکزئی، اختیار ولی، شیر اعظم وزیر اور شگفتہ ملک شامل تھے۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کو بھی پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی ارکان کی جانب سے ووٹ ڈالنے کے عمل میں سست روئی سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے نوٹس لے لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔