پاکستان کو کرکٹ ایشیا کپ سے دستبرداری کا مشورہ

پلیئرزکا تحفظ یقینی بنائے بغیربنگلہ دیش جانے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہیے،احسان مانی


Sports Reporter January 07, 2014
بورڈ کو متعلقہ حکام سے رابطے کے ساتھ اپنا سیکیورٹی وفد بھیج کر حالات کا جائزہ لینا چاہیے۔فوٹو:فائل

احسان مانی نے سیکیورٹی خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو ایشیا کپ سے دستبرداری کا مشورہ دیدیا،آئی سی سی کے سابق صدر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا تحفظ یقینی بنائے بغیر بنگلہ دیش میں شیڈول 5 ملکی ایونٹ میں شرکت کا خطرہ مول نہیں لینا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پُرتشدد مظاہروں میں تیزی کے باوجود ایشین اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل حکام ایشیاکپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بنگلہ دیش میں ہی انعقاد کی ضد پر قائم ہیں، پی سی بی کا موقف ہے کہ گورننگ باڈیز اور حکومت سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔ آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی نے ''ایکسپریس ٹریبیون '' کو انٹرویو میں کہا کہ بورڈ کو متعلقہ حکام سے رابطے کے ساتھ اپنا سیکیورٹی وفد بھیج کر حالات کا جائزہ لینا چاہیے، پاکستان مخالف مظاہروں کے بعد گرین شرٹس کی ایشیا کپ میں شرکت کا معاملہ دیگر ممالک کی بانسبت زیادہ حساس نوعیت اختیار کرگیا ہے۔



پی سی بی کو اس ضمن میں کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو سب سے مقدم خیال کرنا چاہیے، اگر خدشات دور نہیں ہوتے تو ٹورنامنٹ میں شرکت سے دستبردار ہونا غلط نہیں ہوگا۔انھوں نے کہا کہ میرے دور میں آئی سی سی تمام ممبر ممالک کے کرکٹ بورڈز کی تشویش کو پیش نظر رکھ کر ہی حتمی فیصلے کرتی تھی، امید ہے کہ اس بار بھی یہی پالیسی اختیار کرتے ہوئے پاکستان کے ممکنہ مسائل کو سامنے رکھا جائیگا۔ دوسری طرف پی سی بی حکام ابھی تک اپنے اس موقف پر قائم ہیں کہ بنگلہ دیش میں ٹیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،معاملہ 9جنوری کو دبئی میں آئی سی سی اجلاس کے دوران اٹھایا جائے گا۔