پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر لیگی رہنما احسن اقبال کو جوتا پڑ گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 مارچ 2021
تمام تر واقعے کی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ فوٹو:اسکرین گریپ

تمام تر واقعے کی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ فوٹو:اسکرین گریپ

 اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن کو نامعلوم شخص نے جوتا دے مارا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے اجلاس کا بائیکاٹ کررکھا ہے، اور ن لیگی رہنما پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کررہے ہیں، اس دوران لیگی رہنماؤں نے پریس کانفرنس بھی کی، تاہم تحریک انصاف کے کارکنان نے لیگی رہنماؤں کے خلاف نعرے بازی کی۔

لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہوگئے اور شاہد خاقان عباسی کو دھکے دیئے، مصدق ملک کا گریبان پکڑا گیا، اور مریم اورنگزیب کو بھی دھکے اور گالیاں دی گئیں، جب کہ نامعلوم سمت سے کسی نے احسن اقبال کو جوتا دے مارا، جو احسن اقبال کے سر پر لگا۔ تمام تر واقعے کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ احسن اقبال کارکنان کے نعروں کے جواب دے رہے ہیں جب کہ نامعلوم سمت سے آنے والا جوتا ان کے سر پر لگتا ہے۔

واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے اجلاس جاری ہے، اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا جو ناصرف غیر اخلاقی اور غیر قانونی بھی ہے،  رات کے اندھیرے میں اجلاس بلانے کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا، صدر نے بھی وزیر اعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی اور نعرے بازی شروع کردی۔ پی ٹی آئی کے کارکنان نے پلے کارڈز اور پوسٹر بھی اٹھارکھے تھے، تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب تحریک انصاف کے کارکنان نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے (ن) لیگی رہنماؤں کا گھیراؤ کرلیا، اس دوران ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔