کراچی میں ٹارگٹ کلرز کو امریکا میں موجود خاتون سے ہدایات ملنے کا انکشاف

کہکشاں حیدر بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہی ہے، حکام


ویب ڈیسک March 11, 2021
ایم کیو ایم بانی کے حکم پر کہکشاں حیدر واٹس ایپ کال کرکے ہدایات دیتی ہیں، حکام۔ فوٹو؛فائل

رینجرز اور سی ٹی ڈی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلرز کام کر رہے ہیں جنہیں امریکا میں بیٹھی کہکشاں حیدر نامی خاتون لیڈ کررہی ہے۔

سندھ رینجرز کے کرنل شبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے 2017 میں ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلرز کی ٹیم گرفتار کی تھی، مشترکہ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ امریکا سے کہکشاں حیدر ان ٹیموں کو چلا رہی تھی۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ کہکشاں حیدر نے قتل کی وارداتوں میں انعام کے طور پر تین لاکھ روپے بھجوائے تھے، ڈیڑھ لاکھ روپے حوالہ ہنڈی کے ذریعے ٹارگٹ کلر آصف رئیس نے وصول کیے، 1470 ڈالر فرار ساتھی چاند کی بیوی ہما کے شناختی کارڈ نمبر پر منی چینجر ناگن برانچ سے وصول کیے گئے۔

mqm kehkashan 2

حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی ان وارداتوں کے لیے ایم کیو ایم بانی کے حکم پر کہکشاں حیدر واٹس ایپ کال کرکے ہدایات دیتی ہیں، کہکشاں حیدر نے یو سی چیئرمین راشد ماموں کے قتل کا حکم دیا، کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں کونشانہ بنانے کے لیے مزید ٹارگٹ کلرز گروپ تشکیل دیئے گئے۔

mqm kehkashan

میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرنل شبیر نے بتایا کہ رینجرز نے جنہیں گرفتار کیا تھا ان کو عمر قید کی سزا مل چکی ہیں، وہ لوگ بھی کہکشاں نامی خاتون کا نام لے چکے تھے، کراچی میں ٹارگٹ کلرز کام کر رہے ہیں اور ان کو یہ خاتون لیڈ کر رہی ہیں، یہ بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں۔

mqm kehkashan 3

کہکشاں حیدر کی آڈیو ریکارڈنگ

پریس کانفرنس کے دوران کہکشاں حیدر کی آڈیو کال بھی سنائی گئی، جس میں وہ ٹارگٹ کلر سے ہدف کے حوالے سے گفتگو کررہی ہے، کہکشاں حیدر ٹارگٹ کو سر اور گردن پر ٹارگٹ کرنے کی ہدایت کررہی ہے اور موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کا بھی کہتی ہے۔