پاکستانی بیٹسمین پرانی ڈگر پر لوٹ آئے حنیف محمد

باہر جاتی گیندوں سے چھیڑچھاڑکی عادت نہ چھوڑی،غیرضروری شاٹس پروکٹیں گنوائیں


Sports Reporter January 09, 2014
سری لنکا کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرانا سود مند رہا۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکن بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔

ہمارے بیٹسمین پرانی ڈگر پر لوٹ آئے اور وکٹیں گنوا کر غلطیوں کا خمیازہ بھگتا۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستانی بیٹسمینوں نے باہر جاتی گیندوں سے چھیڑ چھاڑ کی عادت نہ چھوڑی اور غیر ضروری شاٹس کھیلتے ہوئے پویلین لوٹتے رہے۔



خرم منظور نے وکٹ پر جم کر ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کی، بولنگ میں امیدوں کا مرکز بلاول بھٹی نے24 رنز جوڑ کر اپنی صلاحیت کا اظہارکیا، حنیف محمد نے کہا کہ سری لنکا کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرانا سود مند رہا، ان کے بولرز خاص طور پر ہیراتھ اور پردیپ نے عمدہ بولنگ کی،اب پاکستانی بولرز کو بھی دبائو سے نکل کرحریف بیٹسمینوں کوٹھکانے لگانا ہوگا،سری لنکا کے کھلاڑیوں پر اس وقت کوئی پریشر نہیں ہے،انھوں نے کہا کہ دوسرے دن صبح کا پہلاگھنٹہ اہم ہوگا،اگر پاکستان کو اس دوران 2 وکٹیں مل گئیں تو وہ میچ پر گرفت قائم کر سکتا ہے، ان فارم انجیلو میتھیوز کو قابو کرنا اہم ہوگا۔