عوام کا خود کش حملہ آور کو روک کر جام شہادت پانیوالے اعتزاز حسن کو نشان حیدر دینے کا مطالبہ

شہید اعتزاز کا خون رائیگاں نہیں جائے گا جس نے دوسروں کی جان بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، چیرمین تحریک انصاف عمران خان


ویب ڈیسک January 09, 2014
اعتزازحسن نے 6 جنوری کو خودکش بمبار کو اسکول میں داخل ہونے سے روک کر اپنی جان کا نذارانہ پیش کیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنے اسکول پر خود کش حملہ روکنے کے لئے اپنی جان دینے والے طالب علم اعتزازحسن کے لئے نشان حیدر کا مطالبہ کیا ہے۔

اعتزاز حسن کے بھائی مجتبیٰ حسن کا ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ان کے بھائی کو اتنی اعلیٰ درجے کی موت نصیب ہو گی، حکومت کو اعتزاز کے لئے تمغہ شجاعت یا نشان حیدر کا علان کرنا چاہئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہنگو کے نوجوان شہید اعتزاز کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، وفاقی اور صوبائی حکومت کو اعتزاز کی شہادت کو قبول کرنا چاہئے جس نے دوسروں کی جان بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔



پاکستان کی ایک سینئیر صحافی اور تجزیہ نگار نسیم زہرا نے ٹویٹر پر وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اعتزاز حسن کو قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے اور اسے پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا جائے۔


واضح رہے کہ ہنگو میں گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم زئی کے نوجوان طالب علم اعتزازحسن نے 6 جنوری کو خودکش بمبار کو اسکول میں داخل ہونے سے روک کر اپنی جان کا نذارانہ پیش کیا اور بہت سے طالب علم علموں کی جان بچا ئی، ان کی شہادت کی خبر کے بعد سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں نوجوانوں کا مطالبہ ہے کہ اعتزاز کو اس کی بہادری کی بنا پر نشان حیدر سے نوازا جائے۔

مقبول خبریں