پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ حبیب بینک نے پی ٹی وی کو شکست دے دی

فالوآن کا شکار ہونے والی ناکام ٹیم نے153رنز پرگھٹنے ٹیک دیے، احسان عادل کی میچ میں7 وکٹیں


Sports Reporter January 10, 2014
فاتح سائیڈ نے عمران فرحت کی ناقابل شکست ٹرپل سنچری سے تقویت پاتے ہوئے599 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کی۔فوٹو:فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈون کرکٹ ٹورنامنٹ میں حبیب بینک نے پی ٹی وی کو اننگز اور338 رنز سے شکست دے دی۔

فاتح سائیڈ نے عمران فرحت کی ناقابل شکست ٹرپل سنچری سے تقویت پاتے ہوئے599 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کی، ناکام سائیڈ 108 بنا کر فالوآن کا شکار ہوئی اور دوسری اننگزمیں153رنز پر گھٹنے ٹیک دیے، احسان عادل نے میچ میں7 وکٹیں لیں۔ یوبی ایل نے پی آئی اے کو 8 وکٹ سے قابو کیا، عاطف مقبول نے5 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔ زیڈ بی ٹی ایل کا نیشنل بینک اورسوئی گیس کا کے آرایل کے ساتھ میچ خراب موسم کی نذر ہوکر ڈرا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں حبیب بینک نے ناتجربہ کار پی ٹی وی کی ٹیم کو اننگز اور 338 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی، فاتح سائیڈ نے واحد اننگز میں عمران فرحت کی ناقابل شکست ٹرپل سنچری سے تقویت پاتے ہوئے7 وکٹ پر 599 رنز بنائے اور حریف ٹیم کی صلاحیتوں کا امتحان لینا شروع کردیا، پی ٹی وی کے بیٹسمینوں کی پہلی کوشش 108 رنز تک ہی محدود رہی، فالو آن کا شکار ہونے کے بعد دوسری کاوش میں اس نے 153 پر گھٹنے ٹیک دیے۔

 photo 7_zps4049fb5d.jpg

نعیم انجم نے58رنز ناٹ آئوٹ بنائے، دیگر پلیئرز ناکام ثابت ہوئے، ٹیم نے آخری روز 7 وکٹ پر 76 رنز سے مزاحمت کا آغاز کیا تو ایک اینڈ پر موجود نعیم انجم کا ساتھ دینے والے دیگر پلیئرز نے اسکور کو 158 رنز تک پہنچا کر ہمت ہار دی،کپتان 58 رنز بنانے کے باوجود گردن جھکا کر پویلین لوٹنے پر مجبور ہوئے، ٹرپل سنچری میکر عمران فرحت نے آخری روزصرف3 رنز کے بدلے 2 بیٹسمینوں پر بھی ہاتھ صاف کیا، تیسری وکٹ فہد مقصود کے حصے میں آئی، پہلی اننگز میں 4 اور دوسری میں 3 شکار کرنے والے میڈیم پیسر احسان عادل نے وکٹوں کی مجموعی تعداد کو 7 تک پہنچایا۔ نویں مرحلے کے آخری روز ایک اور فیصلہ کن ثابت ہونے والے میچ میں یوبی ایل نے پی آئی اے کو 8 وکٹ سے شکست دی، سائوتھ اینڈ کلب اسٹیڈیم کراچی میں چوتھے دن قومی ایئر لائنز کی ٹیم نے7 وکٹ پر 149 رنز کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا،اسے مجموعی طور پر 68 رنز کی برتری حاصل تھی لیکن باقی تین بیٹسمین صرف 26 رنز کے اضافے سے175 پر پویلین لوٹ گئے، شہریار غنی42 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بنے، تیسرے روز 3 وکٹیں اپنے نام کرنے والے عاطف مقبول نے آخری دن مزید 2 شکار کرتے ہوئے آدھی ٹیم کو آئوٹ کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

فاتح اسکواڈ نے94 رنز کا ہدف صرف2 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، عابد علی نے53 اور سعید بن ناصرنے 40 رنز کے ساتھ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، قبل ازیںپی آئی اے کی پہلی اننگز میں 242 کے جواب میں یوبی ایل نے 323 رنز بنا کر 81 رنز کی برتری حاصل کی تھی، قومی ایئر لائن کی ٹیم دوسری کوشش میں175 پر ڈھیر ہوئی۔ اسلام آباد کے ڈائمنڈ گرائونڈ میں زیڈٹی بی ایل اور نیشنل بینک کے مابین میچ خراب موسم کی زد میں آکر ڈرا ہوگیا، دونوں ٹیموں کے مابین آخری دن ایک بھی گیند نہ پھینکی جاسکی، بدھ کو بھی صرف 6 اوور کا ہی کھیل ہوسکا تھا۔ پہلے 2 روز ہونے والے مقابلے میں زعی ترقیاتی بینک کی ٹیم 208 پر آئوٹ ہوگئی تھی، قومی بینک نے 325 رنز کے ساتھ 117 کی برتری حاصل کی، زیڈ ٹی بی ایل نے دوسری کوشش میں2 وکٹ پر 50 رنز بنائے۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سوئی ناردرن گیس اور کے آرایل کے میچ میں تیسرے روز کی طرح آخری دن بھی کھیل ممکن نہیں ہوسکا،ابتدائی 2 دن ہونے والے مقابلے میں سوئی گیس نے پہلی اننگز میں278 اور دوسری میں3 وکٹ پر174 اسکور کیے، کے آر ایل کی ٹیم واحد اننگز میں286 تک پہنچ سکی تھی۔