آسٹریلیا نہیں گیا یو اے ای میں کھیلا زرتلافی دیں حفیظ کا مطالبہ

پہلے ہی ہرماہ لاکھوں روپے دے رہے ہیں،اضافی رقم ادا نہیں کر سکتے، پی سی بی کا جواب


Sports Reporter January 11, 2014
ماضی میں یوسف آئی سی ایل نہ کھیلنے کے بدلے 1کروڑ روپے جیب میں ڈال چکے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

پاکستانی آل رائونڈر محمد حفیظ نے دورہ یو اے ای کے لیے آسٹریلوی بگ بیش کھیلنے کا موقع گنوانے پر پی سی بی سے زر تلافی طلب کرلیا۔

دوسری جانب حکام نے ان کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی ہر ماہ سینٹرل کنٹریکٹ و میچ فیس کی مد میں لاکھوں روپے ادا کر رہے ہیں، اضافی رقم نہیں دے سکتے۔ تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کو ابتدائی طور پر سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے سیریز کیلیے منتخب کیا گیا تھا،کوئی انٹرنیشنل مصروفیت نہ ہونے کے پیش نظر آل رائونڈر بگ بیش کی فرنچائز میلبورن رینگیڈز کی طرف سے کھیلنے پر آمادگی ظاہر کرچکے تھے لیکن ون ڈے کی شاندار پرفارمنس کی بنیاد پر ان کی ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی واپسی ہوگئی، یوں قومی ذمہ داری کیلیے انھیں آسٹریلوی لیگ کی بھاری رقم سے محروم ہونا پڑگیا۔

 photo 2_zps5e6dc30d.jpg

غیرملکی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ محمد حفیظ نے کسی معتبر شخصیت کے ذریعے بی سی بی سے مطالبہ کیاکہ قومی ذمہ داریوں کیلیے آسٹریلوی معاہدہ چھوڑنے پر انھیں زر تلافی ادا کیا جائے، بورڈ ذرائع کے مطابق عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انھیں کورا جواب دیتے ہوئے واضح کردیاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے بورڈ پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے،ان حالات میں اضافی رقم ادا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ یاد رہے کہ بورڈ کی طرف سے غیر ملکی لیگز کے معاہدے چھوڑنے والے کھلاڑیوں کے نقصان کا ازالہ کرنے کی کئی سابقہ مثالیں موجود ہیں۔ محمد یوسف نے تو انڈین کرکٹ لیگ نہ کھیلنے کے بدلے میں وفاداری بونس کے نام پر ایک کروڑ روپے اپنی جیب میں ڈال لیے تھے، عمر گل کو بھی رقم کی ادائیگی کی گئی تھی، مگر اب ملکی میدان ویران ہونے کی وجہ سے بورڈ کے خزانے خالی ہو رہے ہیں، ایسے میں وہ ایسی شاہ خرچیوں کو برداشت نہیں کر سکتا۔