ایشیا کپ میں عدم شرکت بورڈ کو ابھی سے مالی نقصان کا غم ستانے لگا

بنگلہ دیش نہ گئے توخسارے کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں تاثربھی خراب ہوگا، نجم سیٹھی


Sports Reporter January 11, 2014
جذباتی فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، میزبان بورڈنے اضافی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ میں عدم شرکت کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو ابھی سے ہی مالی نقصان کا غم ستانے لگا۔

عبوری کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں حصہ نہ لیا تو مالی خسارے کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں تاثر بھی خراب ہوگا،کوئی جذباتی فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، میزبان بورڈ نے پاکستانی ٹیم کو اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں ان دنوں حالات انتہائی خراب ہیں،5جنوری کے انتخابات کا حزب اختلاف نے بائیکاٹ کیا جس کی وجہ سے مظاہرے اور پُرتشدد واقعات میں مزید اضافہ ہوگیا، وہاں پاکستان مخالف جذبات بھی عروج پر پہنچے ہوئے ہیں، ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ بھی ہو چکا،اس کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل نے آئندہ ماہ ایشیا کپ بنگلہ دیش میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، دبئی میں آئی سی سی اجلاس سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے اس حوالے سے کہاکہ بنگلہ دیشی کرکٹ حکام نے ایشیا کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی سے متعلق تمام خدشات دور کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے،ایونٹ کے دوران گرین شرٹس کیلیے جس قسم کے خصوصی انتظامات کی ضرورت ہوگی وہ کیے جائیں گے۔

 photo 1_zpsa38f2cc2.jpg

انھوں نے کہا کہ بی سی بی عہدیداروں نے ملاقات میں آگاہ کیاکہ بنگلہ دیش کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ کرکٹ کو متاثر یا پاکستانی ٹیم پر کسی قسم کے حملے جیسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گی، ہمارا ایک وفد سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے 20جنوری کو بنگلہ دیش جائے گا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سلامتی مقدم ہے لیکن پاکستان نے شرکت نہ کی تو مالی نقصان کے ساتھ عالمی سطح پر مزید تنہا ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ ٹوئنٹی20 چیمپئن شپ بھی بنگلہ دیش میں ہی شیڈول ہے، میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے ٹاپ ٹیمیں شامل ہوں گی، پاکستان کھیلنے کیلیے نہ جائے تو بھی ایشیا کپ کے مقابلے کرا دیے جائینگے، عدم شرکت کی صورت میں ہم نہ صرف ریونیو سے محروم رہیں گے بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہمارا تاثر بھی خراب ہوگا، اس لیے کوئی جذباتی فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ سری لنکن ٹیم بھی شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔