مصباح اور یونس ٹیم کو شکست سے بچا سکتے ہیں حنیف محمد

فی الوقت کامیابی کی جانب سری لنکا کے بڑھتے قدموں کو روکنا دشوار لگتا ہے، حنیف محمد


Sports Reporter January 11, 2014
پاکستان کے 3 پلیئرز کا پویلین لوٹ جانا صدمے سے کم نہیں تھا. فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا ہے کہ مصباح اور یونس چوتھے روز ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھ کر ٹیم کو شکست سے بچا سکتے ہیں۔

البتہ فی الوقت فتح کی جانب سری لنکا کے بڑھتے قدموں کو روکنا دشوار لگتا ہے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل بہت دلچسپ رہا، پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے70 رنز کے عوض 6وکٹیں لے کر ٹیم کی مشکلات کو کم کیا، ورنہ 350 رنز کے خسارے کی صورت میں اننگز کی شکست یقینی ہو جاتی، جواب میں دوسری اننگز میں محض19 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے 3 پلیئرز کا پویلین لوٹ جانا صدمے سے کم نہیں تھا، احمد شہزاد، خرم منظور اورحفیظ اعتماد سے نہ کھیل سکے۔

 photo 3_zps93cef64f.jpg

حنیف محمد نے کہا کہ یونس خان اور مصباح چوتھی وکٹ کی شراکت میں 113 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو بچانے کی راہ پر نکل پڑے لیکن 2دن کا طویل کھیل باقی ہے، یہ دونوں کھلاڑی پاکستان کی امید ہیں جو سری لنکا کی برتری ختم کرکے مناسب اسکور بھی کرسکتے ہیں،دنیائے کرکٹ کے سابق عظیم بیٹسمین نے ایک سوال پرکہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو اب خود کو دبئی اور شارجہ کی وکٹوں کا عادی بنانا ہوگا، البتہ پاکستانی بیٹسمینوں کی کبھی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ وہ ضرورت پڑنے پر اسکور کرینگے، ابتدائی کھلاڑیوں کے جلد آئوٹ ہوجانے سے مڈل آرڈر بیٹسمین دبائو میں آجاتے ہیں اور ٹیل اینڈرز کچھ نہیں کرپاتے۔