مستقبل سے مایوس نظر آنے والے عبدالرزاق ایکشن میں آگئے ڈومیسٹک میچ میں ففٹی

عبدالرزاق نے پریذیڈنٹ ون ڈے کپ ٹورنامنٹ میں زرعی ترقیاتی بینک کی قیادت کرتے ہوئے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔


Sports Reporter January 12, 2014
عبدالرزاق کو آخری بار15نومبر کو پروٹیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹوئنٹی20 میچ میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا تھا، فوٹو: اے ایف پی/فائل

مستقبل سے مایوس نظر آنے والے آل رائونڈر عبدالرزاق ایک بار پھر ایکشن میں آگئے۔

انجری کے بعد پہلا ڈومیسٹک ون ڈے میچ کھیلتے ہوئے نصف سنچری جڑ دی۔ انھیں آخری بار15نومبر کو پروٹیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹوئنٹی20 میچ میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا تھا، جس میں وہ عمران طاہر کی ایک گیند کو بالکل نہ سمجھ پائے اور بولڈ ہوگئے، بعد ازاں ہیمسٹرنگ انجری کے باوجود ان کو دورئہ جنوبی افریقہ کیلیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا جہاں کوئی میچ کھیلے بغیر ہی واپس آنا پڑا۔ ہفتے کو عبدالرزاق 2 ماہ بعد کسی میچ میں ایکشن میں نظر آئے، انھوں نے پریذیڈنٹ ون ڈے کپ ٹورنامنٹ میں نیشنل بینک کیخلاف زرعی ترقیاتی بینک کی قیادت کرتے ہوئے 5 اوورز میں 40رنز دیے لیکن کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے، بعد ازاں انھوں نے 57 رنز کی اننگز کھیلی جو ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔