جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر ہم خیال ارکان اسمبلی کا اجلاس

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 اپريل 2021
جہانگیر ترین نے ہم خیال اراکین اسمبلی کا ایک اور اہم اجلاس بلالیا ہے، ذرائع۔ فوٹو:فائل

جہانگیر ترین نے ہم خیال اراکین اسمبلی کا ایک اور اہم اجلاس بلالیا ہے، ذرائع۔ فوٹو:فائل

لاہور: جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر 30 سے زائد ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چینی اسکینڈل میں نامزد ملزم تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی لاہور رہائش گاہ پر 30 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی بیٹھک ہوئی، جس کی صدارت جہانگیر ترین نے خود کی۔ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور جہانگیر ترین نے ہم خیالوں سے رائے لے لی کہ آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہونا چاہیئے؟؟۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بیٹھک میں چند ارکان نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ ناانصافیاں جاری رہیں تو استعفوں کا آپشن موجود ہے،  تاہم اجلاس میں فوری استعفوں کی آپشن کو مسترد کر دیا گیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میرے خلاف ایف آئی آر میں چینی کی قیمت بڑھنے کا کوئی ذکرنہیں

ذرائع نے بتایا کہ بیٹھک میں موجود ارکان نے حکومت سے ناراض مزید ارکان اسمبلی سے بھی رابطوں کا فیصلہ کیا اور بتایا کہ مزید کچھ ارکان جلد ہم خیال گروپ میں شامل ہوں گے۔ مشاورتی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کرنے اور ریاست مدینہ میں انصاف کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے ہم خیال اراکین اسمبلی کا ایک اور اہم اجلاس بلالیا ہے، اجلاس 21 اپریل کو جہانگیر ترین کے گھر لاہور بلایا گیا ہے، جس میں نئے اراکین اسمبلی بھی ہم خیال گروپ میں شامل ہوں گے، اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور وزیر اعظم کو خط کے بعد کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔