پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو اغوا کیا گیا جس پر آپریشن شروع ہوا، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  اتوار 18 اپريل 2021
حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوں گے، وزیر اطلاعات (فوٹو : فائل)

حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوں گے، وزیر اطلاعات (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز اہل کاروں کو اغوا کیا گیا جس پر آپریشن ہوا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز اہل کاروں کو اغوا کیا گیا جس پر آپریشن ہوا، حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوں گے۔

یہ پڑھیں : 20 اپریل تک کالعدم ٹی ایل پی کو تحلیل کردیں گے، شیخ رشید

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی، عمران خان عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں انہوں نے اس حوالے سے ہر فورم پر بات کی ہے۔

پٹرول بموں اور تیزاب کی بوتلوں سے مسلح جتھے نے تھانے پر حملہ کیا، فردوس عاشق

اسی حوالے سے وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج صبح پٹرول بموں اور تیزاب کی بوتلوں سے لیس متشدد جتھے نواں کوٹ پولیس اسٹیشن پر حملہ آور ہوئے جہاں رینجرز اور پولیس اہل کار محبوس ہوگئے اور تقریباً 6 پولیس اہل کار زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ متشدد جتھے ڈی ایس پی نواں کوٹ سمیت 12 پولیس والوں کو اسلحے کے زور پر اغوا کرکے اپنے مرکز میں لے گئے، جہاں حملے کے لیے 50 ہزار لٹر کا آئل ٹینکر بھی رکھا گیا تھا۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پولیس کی طرف سے کوئی آپریشن پلان یا شروع نہیں کیا گیا اور جوابی کارروائی صرف اپنے بچاؤ اور مغوی پولیس اہل کاروں کی بازیابی کے لیے کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ان جتھوں کے ہاتھوں 6 پولیس اہلکار شہید اور 700 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔