مذہبی اورسیاسی جماعتیں اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 19 اپريل 2021
بعض مغربی ممالک مسلم دنیا کی دل آزاری کرتے ہیں، وزیر اعظم فوٹو: فائل

بعض مغربی ممالک مسلم دنیا کی دل آزاری کرتے ہیں، وزیر اعظم فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں مذہبی اورسیاسی جماعتیں اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں۔

اسلام آباد میں مارگلہ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا تھا، ہم سب نبی اکرم ﷺ سے پیار کرتے ہیں، میں نے ہمارے ملک کے عوام میں نبی اکرم ﷺ سے جو عشق دیکھا ہے کسی ملک میں نہیں دیکھا۔ جب ہمارے نبیﷺ کی شان میں گستاخی ہوتی ہے تو کیا ہمیں تکلیف نہیں ہوتی؟ کیا کسی کے دل کو کسی نے چیر کر دیکھا کہ نبیﷺ سے کون زیادہ پیار کرتا ہے؟۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں مذہبی اور سیاسی جماعتیں اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں،یہ جماعتیں اسلام کو استعمال کرکے ملک کو نقصان پہنچا دیتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بعض مغربی ممالک مسلم دنیا کی دل آزاری کرتے ہیں، اپنے ملک میں مظاہرے اور توڑ پھوڑ کرکے مغربی ملکوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، بلکہ وہاں کوئی نہ کوئی یہ قبیح کام کرتا رہے گا۔ یقین دلاتا ہوں کہ دنیا کے دیگر ممالک کو ساتھ ملا کر ہم مہم چلائیں گے، ایک وقت وہ آئے گا کہ مغربی ملکوں میں بھی لوگوں کو نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے خوف آئے گا۔ اس کے لئے ہم عالمی رہنماؤں کو ساتھ ملاکر مختلف فورمز پر آواز اٹھارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔