یہودی آباد کار کا فلسطینی لڑکی کے گھر پر قبضہ ویڈیو وائرل

اگر میں نہیں کروں گا تو کوئی اور تمہارے گھر پر قبضہ کرلے گا، یہودی کا فسطینی لڑکی کو جواب


ویب ڈیسک May 04, 2021
یہودی آباد کار تیزی سے فلسطینیوں کے گھروں پر قابض ہورہے ہیں، فوٹو: فائل

فلسطینی سر زمین پر یہودی آباد کاری کا سلسلہ جاری ہے اور ایسے ہی ایک واقعے میں قابض یہودی کی فلسطینی لڑکی سے ہونے والے مکالمے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہودی شخص ویڈیو بنانے والی لڑکی کو مخاطب کرکے کہتا ہے کہ اگر میں تمہارے گھر پر قبضہ نہیں کرتا تو کوئی اور کرلیتا۔


یہ ویڈیو معروف فلسینی سماجی کارکن تمر مقلدہ نے شیئر کی جب کہ اسرائیلی آباد کار 22 سالہ مونا نامی لڑکی سے گفتگو کر رہا ہے۔ مونا یہودی شخص کو اس کے آبائی گھر پر قبضہ کرنے سے منع کرتے ہوئی کہتی ہے کہ تم جانتے ہو کہ یہ تمہارا گھر نہیں ہے۔

جواب میں اسرائیلی شخص ڈھٹائی سے کہتا ہے کہ ہاں لیکن اگر میں نہیں کروں گا تو اس گھر پر کوئی اور قبضہ کرلے گا اس لیے بہتر ہے تم خاموش رہو۔

واضح رہے کہ چند برسوں سے اسرائیلی حکومت نے فلسطین میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زمین کے اصل حقدار فلسطینیوں کو نکال کر تیزی سے یہودیوں کو بسانے کا عمل شروع کردیا ہے۔