شہباز شریف کو دوحہ روانگی سے قبل جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 مئ 2021
وزارت داخلہ کی جانب سے سسٹم میں کلیئرنس جاری نہیں ہوئی، ایف آئی اے امیگریشن اہلکار ۔ فوٹو: فائل

وزارت داخلہ کی جانب سے سسٹم میں کلیئرنس جاری نہیں ہوئی، ایف آئی اے امیگریشن اہلکار ۔ فوٹو: فائل

 لاہور: ایف آئی اے امیگریشن حکام نے شہباز شریف کو سسٹم میں بلیک لسٹ ہونے کے باعث دوحہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو لاہور سے دوحہ جانے سے قبل ایئرپورٹ پر موجود ایف آئی اے امیگریشن اہلکار نے انہیں روک کر دوحہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے واپس اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاون پہنچ گئے۔

شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر امیگریشن اہلکار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا آرڈر ہے اور ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی گئی ہے جس پر انہیں بتایا گیا کہ امیگریشن سسٹم پر کلیئرنس اپ ڈیٹ ہونے تک آپ ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔

ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے شہباز شریف کا نام تاحال بلیک لسٹ سے نہیں نکالا گیا، سسٹم میں کلیئرنس جاری نہیں ہوئی، امیگریشن سسٹم میں اپ ڈیٹ نہ ہونے سے انہیں آف لوڈ کردیا گیا لہٰذا نام کلئیر ہونے پر جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کو آج صبح 4 بج کر 50 منٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 621 کے ذریعے لاہور سے دوحہ روانہ ہونا تھا جہاں قطر میں 10دن قرنطینہ کے بعد ان کی لندن روانگی تھی۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بیرون ملک روانگی کے لئے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہیں رخصت کرنے کے لئے درجنوں کارکن بھی موجود تھے جنہوں نے نعرے لگا کر شہباز شریف کو رخصت کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔