کراچی آپریشن کو ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچائیں گےشرجیل میمن

سیکیورٹی اداروں وسندھ حکومت میں کوئی اختلاف نہیں،ایسی خبروں سے کسی کوفائدہ نہیں ہوگا


Staff Reporter January 17, 2014
سندھ حکومت کو رینجرز اورپولیس افسران کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے،وزیر اطلاعات۔فوٹو:فائل

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل میمن نے کہاہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن ہرحال میں جاری رہے گااورجرائم پیشہ عناصرودہشت گردوں کے خاتمے تک سندھ حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔

سیکیورٹی اداروں اورسندھ حکومت کے مابین کوئی اختلافات نہیں،اس طرح کی خبروں کے ذریعے کسی کوکوئی فائدہ نہیں ہوگا۔اپنے دفتر میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کواس کے منطقی انجام تک پہنچاکر ہی دم لیاجائے گااور اس سلسلے میں وفاقی اورسندھ حکومت مل کر حکمت عملی پرعمل پیراہے،ہم سب کراچی سمیت صوبے بھرکوجرائم پیشہ عناصراوردہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،سندھ حکومت کو رینجرز اورپولیس افسران کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، پولیس اوررینجرز کے افسران اوراہلکار اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے بھی اس صوبے اوربالخصوص کراچی میں قیام امن کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

 photo 3_zpsd37bf5af.jpg

کراچی میں پولیس اور رینجرز پر حملہ کرنے والوں کے چہرے جلدعوام کے سامنے بے نقاب کریںگے اوراس سلسلے میں سیکیورٹی اداروں کوبڑی حدتک کامیابی بھی مل چکی،کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور انھیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،یہ آپریشن کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ بلاتفریق جرائم پیشہ عناصرکیخلاف کیاجارہاہے اور اب تک پولیس اوررینجرزنے ہزاروںکی تعداد میں جرائم پیشہ عناصربھتہ خوروں اورٹارگٹ کلرزکوگرفتارکیااورمقابلے کے دوران ہمارے کئی جوانوں نے شہادت کا مرتبہ بھی حاصل کیا ہے ، چوہدری اسلم اورفورسز کے جوانوں کاخون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔