چوہدری نثار پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہ اٹھا سکے

ویب ڈیسک  پير 24 مئ 2021
عمران خان کو  صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ ٹھنڈا کرکے کھائیں، چوہدری نثار۔ فوٹو:فائل

عمران خان کو صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ ٹھنڈا کرکے کھائیں، چوہدری نثار۔ فوٹو:فائل

لاہور: چوہدری نثار علی خان بغیر حلف اٹھائے ہی اسمبلی سے باہر نکل آئے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینئر سیاسیدان اور مسلم لیگ (ن) کے منحرف رہنما چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی میں اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے کے پہنچے، تو صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا گھیراؤ کرلیا اور ان کی سیاسی حکمت عملی پر سوالوں کی بوچھاڑ کردی، تاہم چوہدری نثار کے کان پر جوں تک نہ رینگی اور صحافیوں کے کسی بھی سوال کا جواب دینے کے بجائے چپ چاپ ایوان میں داخل ہوگئے، جہاں انہیں اسمبلی چیمبر میں بٹھا دیا گیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: چوہدری نثار کا پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا امکان

چوہدری نثار علی خان نے سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی سے ملاقات کی اور انہیں حلف اٹھانے کے حوالے سے باضابطہ آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اسیپکر اور ڈپٹی اسیپکر کی عدم موجودگی میں حلف لے سکتا ہوں، پنجاب اسمبلی کے رولز 15 کے مطابق پینل اف چئیرمین حلف لے سکتا ہے۔ چوہدری نثار نے رولز کی کاپی بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے چیمبر میں پیش کی، تاہم طویل دیر تک انتظار کے بعد انہیں بغیر حلف اٹھائے ہی ایوان سے باہر آنا پڑا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی چوہدری نثار کا حلف روکنے کی تیاری

ایوان پنجاب کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں 2018 کے الیکشن میں 34 ہزار کی لیڈ سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوا تھا، مجھے پہلے قومی اسمبلی سیٹ پر ناکام کروایا گیا، اور اب حکومت ایک آرڈیننس کے ذریعے مجھے ڈی سیٹ کرنے کی کوشش میں ہے،  میں نے ایک ہفتہ قبل حلف اٹھانےکا فیصلہ کیا تھا اور پنجاب اسمبلی کو لکھ کردیا، لیکن آج کہا گیا کہ اسپیکر اسمبلی موجود نہیں اس لئے حلف نہیں ہوسکتا، جب کہ پینل آف چیئرمین کے پاس تمام اختیارات ہوتے ہیں، اور وہ حلف بھی لے سکتے ہیں، پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کے رویے کےخلاف عدالت جائیں گے، اور 2 دن بعد پھر حلف اٹھانے آؤں گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں کسی سیاسی کھیل کاحصہ نہیں ہوں،  سیاسی معاملات پر زیادہ تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے، عمران خان کو مشورے دینے والے بہت سے لوگ ہیں، لیکن میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ ٹھنڈا کرکے کھائیں۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار  2018 کے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا، اور پی پی 10 راولپنڈی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن جیتے تھے، تاہم 3 سال گزر جانے کے باوجود انہوں نے حلف نہیں لیا تھا۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے گزشتہ روز تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں کل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے جا رہا ہوں، یہ فیصلہ میں نے اپنے حلقے کے عوام کی مشاورت سے کیا ہے، لیکن حلف اٹھانے سے میرے مؤقف یا سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں رکنیت کا حلف اٹھاؤں گا

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسمبلی سے تنخواہ، ٹی اے ڈی اے سمیت کسی قسم کی مراعات نہیں لوں گا، حلف لینے کا مقصد حلقے میں سیاسی حالات اورمحرکات کو کنٹرول کرنا ہے، سیٹ چھوڑ کر ضمنی الیکشن میں حصہ لینا عجیب منطق ہوگی، اور الیکشن کا بائیکاٹ کرنا اورمیدان کھلا چھوڑنا اس سے بھی بڑی سیاسی غلطی ہوگی، عوام کو کورونا وبا سے بچانا بھی حلف لینے کے فیصلے کی وجہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔