کتے سونگھ کرکورونا وائرس کی تشخیص کرسکتے ہیں، تحقیق

ویب ڈیسک  پير 24 مئ 2021
تجربے کے پہلے مرحلے میں کتوں کو کورونا مریضوں کے زیر استعمال ماسک اور کپڑوں کے نمونے دیے گئے۔(فوٹو:اے ایف پی)

تجربے کے پہلے مرحلے میں کتوں کو کورونا مریضوں کے زیر استعمال ماسک اور کپڑوں کے نمونے دیے گئے۔(فوٹو:اے ایف پی)

لندن: کورونا وائرس کی تشخیص  کے سلسلے میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کتوں میں کووڈ-19 انفیکشنز کو سونگھنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔

اس بات کا انکشاف لندن اسکول آف ہائجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن اور ڈر ہم یونیورسٹی کے اشتراک سے ہونے والے مطالعے میں ہوا۔ سائنس دانوں نے اس تحقیق کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا ہے، جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کنٹرولڈ صورت حال میں کتے کووڈ-19 انفیکشن کو سونگھ کر شناخت کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔

 اس تحقیق کی سربراہی کرنے والے جیمز لوگان کا کہنا ہے کہ ہم نے اس تحقیق میں چار سے چھے سال کے لیبراڈو، گولڈن ریٹرائیور اور کوکر اسپینیئل نسل کے 6 کتوں کو شامل کیا۔ جنہیں6 سے 8 ہفتے کی تربیت دی گئی اور تربیت کے بعد یہ کتے کووڈ-19 کی بو سونگھنے کے قابل ہوگئے تھے۔

 تجربے کے پہلے مرحلے میں کتوں کو کورونا مریضوں کے زیر استعمال ماسک اور کپڑوں کے نمونے دیے گئے۔ ریسرچر نے اس بات کا تجزیہ کیا کہ آیا یہ کتے کووڈ-19 کے مثبت اور منفی نمونوں کے درمیان تمیز کرسکتے ہیں یا نہیں۔

تجزیے سے ظاہر ہواکہ کتوں میں کورونا وائرس کی شناخت میں حساسیت کی شرح 82 سے 94 فیصد ہے۔ اس انفیکشن کے کیمیائی تجریئے سے ظاہر ہوا کہ کورونا مثبت کے مریضوں کی بو جدا ہے۔ تحقیق کے اگلے مرحلے میں اس مخصوص بو کے پس پردہ موجود کمیکل کی شناخت کی جارہی ہے۔

 لوگن کا کہنا ہے کہ مریض میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہوں تب بھی کتے تیزی اور درستگی کے ساتھ  کووڈ کی شناخت کر سکتے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ اگر چہ پی سی آر ٹیسٹ کووڈ -19 کی شناخت کے لیے موثر ہے لیکن کتے زیادہ جلدی اور آسان طریقے سے گنجان آبادیوں میں کورونا مریضوں کی شناخت کر سکتے ہیں۔ اس تحقیق میں مزید پیش رفت جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔