بھارتی پولیس کا ٹوئٹر کے دفتر پر چھاپہ

ویب ڈیسک  منگل 25 مئ 2021
ٹوئٹر کے آفس کسی مناسب افسر کو نوٹس دینے آئے تھے، پولیس (فوٹو: بھارتی میڈیا)

ٹوئٹر کے آفس کسی مناسب افسر کو نوٹس دینے آئے تھے، پولیس (فوٹو: بھارتی میڈیا)

نئی دہلی: بھارتی پولیس کا ٹوئٹر کے دفتر پر چھاپہ مارا تاہم انہیں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ وبا کے باعث گھر سے کام کرنے کی وجہ سے آفس میں صرف تین ہی لوگ موجود تھے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس کی ایک بڑی چھاپہ مار ٹیم مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے دفتر پہنچی تاہم پولیس کو خالی ہاتھ واپس آنا پڑا۔ کورونا وبا کے دوران ورک فرام ہوم کی وجہ سے دفتر میں صرف تین افراد ہی موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہلی پولیس کی ایک ٹیم ڈرامائی انداز میں دفتر کے اندر داخل ہوتی ہے اور دفتر کے اندر گھومتی نظر آرہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک معمول کی کارروائی ہے اور وہ کسی مناسب افسر کو نوٹس دینے آئے تھے۔

اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی کے ترجمان نے مودی سرکار کے اس اقدام کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا اتنی بڑی پولیس کی ٹیم نوٹس سرو کرنے جاتی ہے۔ حکمراں جماعت کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

بھارتی حکومت اور ٹوئٹر کے درمیان تناؤ اس وقت شروع ہوا تھا جب ایک حکومتی رکن نے دعویٰ کیا تھا کہ اپوزیشن جماعت ٹوئٹر کی مدد سے حکومت مخالف مہم چلا رہی ہے جس کے لیے ایک ٹول کٹ بھی بنایا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔