گورننگ بورڈ نے ذکا کو انتظامی فیصلوں کا اختیار دے دیا

چیئرمین پر اعتماد کا اظہار،4 رکنی کمیٹی نجم سیٹھی کے فیصلوں کا جائزہ لے گی


Sports Reporter January 19, 2014
شرکاء نے ذکا اشرف کی بطور چیئرمین پی سی بی بحالی کا خیر مقدم کیا۔

پی سی بی کے گورننگ بورڈ نے ذکا اشرف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھیں انتظامی فیصلوں کا اختیار دے دیا۔

نجم سیٹھی کی زیرسربراہی میں کام کرنے والی عبوری کمیٹی کے فیصلوں کا جائزہ کیلیے4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی بحالی کے بعدگورننگ بورڈ کا27 واں اجلاس گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، اس میں محمد رفیق بھوگیو،منصور حمید منور، محمد ہارون رشید، کموڈور (ر) مرزا ارشد حسین،ڈاکٹر جواد ساجدخان، امتیاز احمد، وجاہت اللہ واسطی، بشریٰ اعتزاز، سبحان احمد اور بیرسٹر سلمان نصیر شریک ہوئے،امتیاز صدیقی اور بیرسٹر شہریار قصوری خصوصی دعوت پر شامل تھے۔ شکیل شیخ، اقبال قاسم، امان صدیقی اور یوسف کھوکھر نجی مصروفیات کی وجہ سے نہ آسکے۔

 photo 6_zps33111a72.jpg

اس موقع پر شرکاء نے ذکا اشرف کی بطور چیئرمین پی سی بی بحالی کا خیر مقدم کیا، انھوں نے امید ظاہر کی کہ پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم کی رہنمائی سے بورڈ مستحکم ہوگا۔ شرکا نے ذکاء اشرف کو بورڈ کے ایڈمنسٹریشن اور مینجمنٹ کے فیصلوں کا بھی اختیار دیدیا۔ اجلاس میں کموڈور مرزا ارشد،رفیق بھوگیو، مسعود انور اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو نجم سیٹھی کی سربراہی میں کام کرنے والی عبوری کمیٹی کے فیصلوں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اپنی رپورٹ گورننگ بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔