خود کو خواجہ سرا سے تشبیہ دینے پر ایمان علی کو شدید تنقید کا سامنا

ویب ڈیسک  جمعرات 10 جون 2021
’’کھسرا‘‘ ہونا اتنا بھی برا نہیں کیونکہ ہم سب خدا کی تخلیق کردہ مخلوق ہیں، کامی سڈ فوٹوفائل

’’کھسرا‘‘ ہونا اتنا بھی برا نہیں کیونکہ ہم سب خدا کی تخلیق کردہ مخلوق ہیں، کامی سڈ فوٹوفائل

کراچی: اداکارہ و ماڈل ایمان علی خود کو’’کھسرا‘‘ کہنے پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

حال ہی میں ایمان علی اداکار واسع چوہدری کے پروگرام ’’گھبرانا منع ہے‘‘ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے خود کو ’’کھسرے‘‘سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی سیلفی اس لیے نہیں لیتیں کہ انہیں اپنا آپ اچھا نہیں لگتا اور جب وہ موبائل میں خود کو دیکھتی ہیں تو لگتا ہے کوئی ’’کھسرا (خواجہ سرا)‘‘ کھڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئینے میں خود کو دیکھنے پر لگتا ہے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہے، ایمان علی

ایمان علی کا یہ بیان بہت سے لوگوں کو پسند نہیں آیا اور معروف اینکر رابعہ انعم سمیت متعدد لوگوں نے ایمان علی پر تنقید کی ہے۔ جب کہ پاکستانی خواجہ سرا ماڈل کامی سڈ نے ایمان علی کے بیان کو اپنی کمیونٹی کی توہین قرار دیا ہے۔

رابعہ انعم نے اپنی انسٹااسٹوری پر لکھا’’ کوئی ایسے بیوقوف اداکاروں کا منہ بند کرواؤ یار ۔ ہر دوسرے دن کوئی نہ کوئی بیوقوفانہ حرکت سامنے آجاتی ہے۔ ایمان علی سوچتی ہیں کہ ’’کھسرا‘‘ جیسا لفظ استعمال کرنا صحیح ہے اور ان جیسے لوگوں کو شو میں پیسے دے کر بلایا جاتا ہے۔‘‘

خواجہ سرا ماڈل کامی سڈ نےانسٹاگرام پر ایمان علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’کھسرا‘‘ ہونا اتنا بھی برا نہیں۔ کیونکہ ہم سب خدا کی تخلیق کردہ مخلوق ہیں اور ہم خدا کی تخلیق کے خلاف کیسے جاسکتے ہیں۔ اور آپ کو نہیں لگتا ’’کھسرا‘‘ہونا نارمل ہے جس طرح بطور عورت آپ اپنی زندگی جیتی ہیں۔ مجھے ابھی تک سمجھ نہیں آیا کہ لوگ اس طرح کی اصطلاحات (کھسرا) کو توہین آمیز کیوں سمجھتے ہیں۔ خدا کے لیے ہمیں دیگر کمیونٹیز اور ان کے جذبات کے لیے اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔