پاک افغان علماء کانفرنس کا افغانستان میں امن کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

نمائندہ ایکسپریس / اے پی پی  جمعـء 11 جون 2021
مکہ میں منعقد کانفرنس میں سفراء ، مندوبین، طاہر اشرفی، تقی عثمانی ودیگر علماء کی شرکت۔( فوٹو: انٹرنیٹ )

مکہ میں منعقد کانفرنس میں سفراء ، مندوبین، طاہر اشرفی، تقی عثمانی ودیگر علماء کی شرکت۔( فوٹو: انٹرنیٹ )

 اسلام آباد: پاکستان و افغانستان مشترکہ علماء کانفرنس کے شرکاء نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان و افغانستان مشترکہ علماء کانفرنس 10 جون 2021ء کو مکۃ المکرمہ میں ہوئی جس میں افغان امن کے متعلق متفقہ اعلامیہ شائع کیا گیا، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ افغانستان کی نمائندگی افغان مذہبی امور کے وزیر محمد قاسم حلیمی نے کی۔

سعودی عرب میں تعینات پاکستان اور افغانستان کے سفراء اور اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان و افغانستان کے مندوبین نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

وزیراعظم پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی اور مفتی تقی عثمانی سمیت پاکستان کے جید علمائے کرام نے پاکستان سے بذریعہ ویڈیو لنک کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس میں موجود پاکستان و افغانستان کے تمام علماء کرام نے متفقہ اعلامیہ کی تائید و توثیق کی اور افغانستان میں پائیدار اور دیر پا امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھرپور سراہا۔

متفقہ اعلامیے کی تیاری اور تکمیل میں علمائے کرام کے تعاون اور کردار کو بھی بھرپور سراہا جبکہ علمائے کرام نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ افغانستان میں امن و استحکام کے لئے اپنی کوششوں کو جاری و ساری رکھیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق کانفرنس کے اختتام پر14 نکاتی افغانستان امن اعلامیہ جاری کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔