ونڈوز 11 کی ’پہلی جھلک‘ جاری کردی گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 11 جون 2021
کھڑکی (ونڈوز 10 لوگو) سے فرش پر بننے والا سایہ ’’11‘‘ کی طرح دکھائی دے رہا ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

کھڑکی (ونڈوز 10 لوگو) سے فرش پر بننے والا سایہ ’’11‘‘ کی طرح دکھائی دے رہا ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

سلیکان ویلی: مائیکروسافٹ کارپوریشن پر خصوصی نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ کے اگلے اور جدید ترین آپریٹنگ سسٹم ’’ونڈوز 11‘‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے جسے ایک ویڈیو میں چھپایا گیا ہے۔

گزشتہ روز یعنی 10 جون 2021 کے روز یوٹیوب پر مائیکروسافٹ کی جانب سے شائع ہونے والی یہ ویڈیو ٹھیک گیارہ (11) منٹ کی ہے جس میں مختلف ونڈوز آپریٹنگ سسٹمز شروع ہونے کی موسیقی انتہائی ’’سلو موشن‘‘ میں سنی جاسکتی ہے۔

اس ویڈیو میں 10:33 (دسویں منٹ کے 33 ویں سیکنڈ) پر ونڈوز 10 کا لوگو نمودار ہوتا ہے جس کا سایہ فرش پر پڑ رہا ہے:

فی الحال یہ واضح نہیں کہ اگلے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا نام کیا ہوگا لیکن مائیکروسافٹ کی جانب سے ’’11‘‘ کی تکرار دیکھ کر یہی کہا جارہا ہے کہ شاید اس آپریٹنگ سسٹم کا نام ’’ونڈوز 11‘‘ ہوگا۔

یہ بات اس لیے بھی کہی جارہی ہے کیونکہ ونڈوز کے حوالے سے مائیکروسافٹ نے اپنی تقریب 24 جون کو، امریکی وقت کے مطابق دوپہر 11 بجے منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہی نہیں بلکہ اس ویڈیو میں کھڑکی (ونڈوز 10 لوگو) سے فرش پر پڑنے والا عکس ’’11‘‘ کی طرح دکھائی دے رہا ہے جو ممکنہ طور پر ونڈوز 11 کا ایک اشارہ ہے۔

نام سے قطع نظر، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مائیکروسافٹ میں آپریٹنگ سسٹم کے منصوبے ’’سن ویلی‘‘ کی کچھ نہ کچھ خصوصیات اس نئے آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بھی بنائی جائیں گی۔

ایسی افواہیں بھی گردش میں ہیں کہ یوزر انٹرفیس اور سسٹم فونٹ کے علاوہ بھی اگلے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں ظاہری اور اندرونی طور پر کئی تبدیلیاں کی جائیں گی۔

ممکنہ طور پر اس میں بیٹری کے استعمال سے متعلق بھی ایک فیچر ہوگا جو یہ بتائے گا کہ کون کونسی ایپلی کیشن کتنی بیٹری استعمال کررہی ہے۔ یہ فیچر اسمارٹ فونز میں برسوں سے موجود ہے لیکن اب تک یہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹمز میں شامل نہیں رہا ہے۔

نئے آپریٹنگ سسٹم کو (متوقع طور پر) اس قابل بنایا جاسکے گا کہ یہ ڈیسک ٹاپ/ لیپ ٹاپ کے علاوہ ٹیبلٹ اور اسمارٹ فون پر بھی یکساں سہولت سے استعمال کیا جاسکے۔

ڈیجیٹل ٹرینڈز نامی ویب سائٹ میں یہاں تک قیاس آرائی کی گئی ہے کہ نئی ونڈوز میں اینڈروئیڈ ایپس بھی دستیاب ہوں گی جنہیں مائیکروسافٹ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ صارفین جن کے کمپیوٹروں پر ونڈوز 10 انسٹالڈ ہے، انہیں اپنا سسٹم اپ گریڈ کرکے ونڈوز 11 انسٹال کرنے کےلیے کچھ اضافی قیمت بھی ادا کرنا ہوگی۔

ونڈوز 11 کب دستیاب ہوگی؟ اس بارے میں بھی فی الحال کچھ نہیں پتا، لیکن اندازہ ہے کہ شاید یہ اس سال کی آخری سہ ماہی میں عوام کےلیے دستیاب کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ تمام باتیں اب تک صرف قیاس آرائیوں اور اندازوں کی شکل میں ہیں جو اس شعبے میں خصوصی مہارت رکھنے والے افراد نے لگائے ہیں۔

صحیح صورتِ حال 24 جون کو معلوم ہوگی، کہ جس روز ونڈوز کے بارے میں مائیکروسافٹ کی خصوصی تقریب منعقد ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔