آن لائن انتہا پسندی کو ختم کرنے کیلئے عالمی برادری کو سوچنا ہوگا عمران خان

کچھ ویب سائٹس نفرت انگیز مواد پھیلا کر انسانیت کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک June 12, 2021
مغربی ممالک کے بعض رہنماؤں کو معاملے کی سنگینی کا احساس نہیں، عمران خان۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عالمی رہنماؤں کو آن لائن نفرت اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

سرکاری کینیڈین ٹی وی چینل کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں پاکستانی خاندان پر حملے کے خلاف سخت ایکشن لینا ہوگا، کینیڈین وزیراعظم کو معاملے کی سنگینی کا احساس ہے، دیگر عالمی رہنماوَں کی طرف سے معاملے پر موثر ردعمل سامنے نہیں آیا، کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کےقتل پرعوام حیران ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کینیڈین نوجوان نے مسلمان خاندان پر ٹرک چڑھا دیا، 4 افراد جاں بحق

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کچھ ویب سائٹس نفرت انگیز مواد پھیلا کر انسانیت کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، مغربی ممالک کے بعض رہنماؤں کو معاملے کی سنگینی کا احساس نہیں، ویب سائٹس کے خلاف بین الاقوامی سطح پر کارروائی ہونی چاہیے، عالمی برادری آن لائن نفرت انگیزمواد ،انتہا پسندی روکنے کے اقدامات کرے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی استطاعت سے بڑھ کرموسمیاتی تبدیلی سے نمٹ رہا ہے، پاکستان اپنی آنے والی نسلوں کی بہتری کےلیے سوچ رہا ہے۔