اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 13 جون 2021
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آصف علی نے 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی - فوٹو: پی ایس ایل

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آصف علی نے 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی - فوٹو: پی ایس ایل

ابو ظہبی: پی ایس ایل 6 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی۔ 

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے آصف علی کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 151 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 130 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، سہیل 34 اور فخرزمان 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا تاہم حارث رؤف 17 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1404116796626587658

محمد حفیظ 8، ذیشان اشرف، جیمز فالکنر اور بین ڈنگ 1،1، ٹیم ڈیوڈ 3 اور راشد خان 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد موسیٰ نے 3، شاداب خان اور فواد احمد نے 2،2 جب کہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے لاہور قلندرز کے خلاف  ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو لاہور قلندرز کے بولرز نے غلط ثابت کردیا۔ اننگز کا آغاز کرنے والے عثمان خواجہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1404062547112873984

جیمز فالکنر نے روحیل نذیر کو ایک، حسین طلعت کو 8 اور پچھلے میچ کے ہیرو کولن منرو کو 4 رنز پر آؤٹ کرکے اسلام آباد کی مشکلات میں اضافہ کردیا جب کہ حارث رؤف نے کپتان شاداب خان کی اننگز کا خاتمہ 5 رنز پر کیا۔

بعد ازاں آصف علی نے افتخار احمد کے ساتھ ملکر ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر پردہ ڈال دیا، آصف علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی وہ 43 گیندوں پر 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 49 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1404056262187311117

واضح رہے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پچھلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹ سے شکست دی تھی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔