صہیب مقصود کی نگاہیں قومی ٹیم میں واپسی پر مرکوز

محمد یوسف انجم  جمعـء 18 جون 2021
فٹنس پرکام کرنے کے ساتھ تکنیک اورشاٹ سلیکشن کوبھی بہتر بنالیا،بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

فٹنس پرکام کرنے کے ساتھ تکنیک اورشاٹ سلیکشن کوبھی بہتر بنالیا،بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

 لاہور: صہیب مقصود نے قومی ٹیم میں واپسی پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکو انٹرویو میں صہیب مقصود نے اپنی بیٹنگ میں نکھار کا سبب ٹیم مینجمنٹ کے بھرپور اعتماد کو دیتے ہوئے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں اچھی اننگز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، شاٹ سلیکشن میں بہتری کے بعد اس پوزیشن پر ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی زیادہ رنز بنانے میں کامیاب ہوا،میری کوشش ہے کہ بیٹنگ میں مزید نکھار لاکر ایک بار پھر قومی ٹیم میں جگہ پا سکوں،میں 2016کے بعد سے پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکا،انجریز کا شکار رہا، اب فٹنس پر کام کرنے کے ساتھ تکنیک کو بھی بہتر بنا لیا، ایسا لگ رہاہے کہ ڈیبیو سے زیادہ مشکل کام قومی ٹیم میں کم بیک ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت دیگربیٹسمین بھی کافی اچھا پرفارم کررہے ہیں،مجھے جہاں موقع ملے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ سلیکٹرزکی توجہ حاصل کرسکوں۔

صہیب مقصود نے کہاکہ ملتان سلطانز کی کارکردگی کراچی میں بھی خراب نہیں رہی لیکن معمولی فرق سے ہارتے رہے،میں حالیہ کامیابیوں کا کریڈٹ بولنگ لائن کو دوں گا،کم بیک کرنے کے بعد ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، کوشش ہوگی کہ اگلے میچز میں بھی جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پلے آف اورپھر فائنل تک رسائی پائیں۔

انھوں نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں کا اسٹرائیک ریٹ زبردست ہے،وہ کوئی خطرہ مول نہیں لیتے، عام طور پر 170 یا 180 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلیں تو اس کے لیے کچھ خطرناک شاٹس بھی کھیلنا پڑتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔