بنارس میں کپڑے کی 30 دکانیں آتشزدگی سے خاکستر

آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوگیا،آگ شارٹ سرکٹ سے لگی


Staff Reporter January 21, 2014
بنارس میں کپڑے کی دکانوں میں آتشزدگی کے بعد دکاندار اپنا بچاکھچاسامان سمیٹ رہے ہیں ۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس چوک پر کپڑے کی دکانوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث 30 دکانیں مکمل طور پر خاکستر ہوگئیں۔

فائر بریگیڈ نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوگیا آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی،تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس چوک پر بازار میں کپڑے کی ایک دکان میں آگ لگ لگنے سے علاقے میں دھوئیں کے بادل چھاگئے، آگ سے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو مطلع کیا گیا۔



فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی 2 گاڑیاں جائے وقوع پر روانہ کردی گئیں لیکن آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آگ پھیلتی گئی اور اس نے آس پاس کی مزید دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا صورتحال کے باعث مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے، فائر بریگیڈ کے رضاکاروں نے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، آتشزدگی کے باعث 30 دکانیں مکمل طور پر خاکستر ہوگئیں جبکہ دیگر دکانوں کو جلنے سے بچالیا گیا، آگ کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا جل گیا۔