ملک میں کورونا سے مزید 27 افراد جاں بحق ہوگئے

ویب ڈیسک  منگل 22 جون 2021
کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 1.69فیصد ریکارڈ، این سی او سی فوٹوٹوئٹر

کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 1.69فیصد ریکارڈ، این سی او سی فوٹوٹوئٹر

اسلام آباد: ملک میں کورونا  وائرس سے مزید 27 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 663 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 39 ہزار 017 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 663 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 1.69فیصد رہی۔

ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 949,838 ہوگئی ہے جن میں سے 894,352 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 27 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 034 ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 452 ہوگئی ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔