انڈر19ورلڈ کپ 15رکنی قومی اسکواڈ منتخب سمیع اسلم قیادت کرینگے

ایونٹ شروع ہونے سے قبل پریکٹس میچز بھی ہوںگے،کھلاڑیوں پرمکمل اعتماد ہے،منیجر


Sports Reporter January 21, 2014
ایونٹ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم7 فروری کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے15رکنی اسکواڈکا اعلان کر دیا، سمیع اسلم کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

منیجر علی ضیاکے مطابق کھلاڑیوں پرمکمل اعتماد ہے، ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے یو اے ای کی سرزمین پرقدم رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق 15 فروری سے 28 فروری تک متحدہ عرب امارات میں شیڈول انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، متحدہ عرب امارات، افغانستان، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیوگنی اور کینیڈا شریک ہوں گی۔ قانون کے مطابق آئی سی سی ایونٹس میں حصہ لینے والی ٹیموں کے نام ایک ماہ قبل بجھوانا ضروری ہوتے ہیں، نجم سیٹھی کی سربراہی میں کام کرنے والی عبوری کمیٹی کی سلیکشن کمیٹی 14 فروری تک کھلاڑیوں کے نام فائنل کرنے میں ناکام رہی، اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے بطور چیئرمین بحالی کے بعد ذکا اشرف نے ڈیڈ لائن میں توسیع کی درخواست کی جسے آئی سی سی نے منظور کر لیا ۔

گذشتہ روز جاری پریس ریلیز کے مطابق منتخب کھلاڑیوں میں سمیع اسلم (کپتان)، امام الحق، کامران غلام، حسن رضا، سعود شکیل، عمران رفیق، امیر حمزہ، ضیا الحق، عرفان اللہ، محمد آفتاب، سلمان سعید، ظفر گوہر،کرامت علی، سیف اللہ بنگش( وکٹ کیپر) اور محمد عمیر شامل ہیں، علی ضیا ٹیم منیجر کے فرائض انجام دیں گے، دیگر آفیشلز میں اعظم خان کوچ، یاسر ملک ٹرینر، لیاقت علی فزیو تھراپسٹ اور احسن احسان اینالسٹ شامل ہیں۔ ایونٹ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم7 فروری کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔



وہاں میگا ایونٹ سے قبل2 پریکٹس میچز میزبان یو اے ای اور آسٹریلیا کے خلاف10 اور12 فروری کو شیڈول ہیں۔ پاکستان میگا ایونٹ کا پہلا مقابلہ 15 فروری کو روایتی حریف بھارت سے کھیلے گا۔ یاد رہے کہ گرین شرٹس نے 2004اور 2006 کے ورلڈ کپ میں مسلسل 2بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا،2008کے میگا ایونٹ کے سیمی فائنل اور 2010 میں فائنل تک رسائی حاصل کی۔

البتہ 2012 کے آخری ایڈیشن میں ٹیم آٹھویں نمبر پر رہی۔ دریں اثنا منیجر علی ضیا انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔گذشتہ روز نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ٹیم متوازن اورکسی بھی حریف کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان ماضی قریب میں انگلینڈ میں ناقابل شکست رہا، متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن بدقسمتی سے اچھی فیلڈنگ نہ کرنے کی وجہ سے فیصلہ کن مقابلے میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوںشکست کا سامنا کرنا پڑا۔ علی ضیا نے کہا کہ گو کہ ورلڈ کپ میں بھارت اور آسٹریلیا سمیت دیگر ٹیموں کو آسان نہیں کہاجا سکتا لیکن یو اے ای کی سرزمین پر قومی ٹیم بھی شاندار کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ایک سوال پر منیجر نے کہا کہ یو اے ای میں کھلاڑی بھرپور کرکٹ کھیل کر آئے ہیں اس لیے میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلیے کیمپ کے بجائے مجموعی طور پر 6 پریکٹس میچز رکھے گئے ہیں،افغانستان کے ساتھ تین میچز کی سیریز کے بعد کھلاڑی 25 جنوری کو اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے،29 جنوری کو دوبارہ رپورٹ کرنے کے بعد 30 ، 31 جنوری اور یکم فروری کو 3 مزید میچز شیڈول ہیں۔